مودی سمیت اہم سیاسی شخصیات نے کلام کو یاد کیا

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 15-October-2018

نئی دہلی – (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی سمیت مرکزی وزراء، وزرائے اعلی اور مختلف شعبوں کی اہم اور سرکردہ شخصیات نے پیر کو سابق صدر اے پی جے عبدالکلام کی 87 ویں جینتی پر انہیں یاد کیا۔

مسٹر مودی نے ٹویٹ کیا’’ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام جی کی جینتی پر انہیں سلام۔ وہ عوام کے صدر، استاد، سچے بھارت رتن، میزائل مین اور ملک ہی نہیں، بلکہ بیرون ملک میں بھی لاکھوں افراد کیلئے تحریک کا سرچشمہ تھے‘‘۔

مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے اپنے پیغام میں کہا’’پورا ملک ایک صدر کے طور پر ان کے حیرت انگیز خدمات کو یاد کر رہا ہے۔ وہ خواب دکھانے والے سائنسداں اور عوام کے صدر تھے۔ ملک کی سیکورٹی کو مضبوطی دینے میں ان کا اہم کردار رہا۔ میں آج ان کی جینتی پر انہیں انتہائی حترام کے ساتھ سلام کرتا ہوں‘‘۔

مرکزی ریلوے اور کوئلہ کے وزیر پیوش گوئل نے ٹویٹ کیا، “ہمارے سابق صدر اورمیزائل مین کو ان کی جینتی پر سلام۔جوہری توانائی کے میدان میں ہمارے ملک کی قومی سلامتی کو مضبوطی دینے میں ان کا قابل قدر تعاون رہا۔ ان کے افکار وخیالات تمام علاقہ کے لوگوں کے لئے ہمیشہ تحریک دیتے رہیں گے‘‘۔

مرکزی وزیر مملکت راجیہ وردھن سنگھ راٹھور نے ٹوئٹ کیا’’ایک سائنسداں، ایک خواب دکھانے والا، ایک رہنما .. ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام اس سے بھی کہیں بڑھ کر تھے۔ ایک صدر کے طور پر وہ بے لوث خدمت، انسانیت اور ذہانت کی علامت تھے۔ ان کی جینتی پرانہیں سلام‘‘۔