مہاجرین کا ’یونانی مسیحا اور محافظ فرشتہ‘ چل بسا

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 13-October-2018

ایتھنز،(پی ایس آئی)سن 2015ء میں ہزاروں مہاجرین کو بحیرہ ایجیئن میں ڈوبنے سے بچانے والے کوسٹ گارڈ لیفٹیننٹ کیریا کوس پاپاڈوپولوس دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے ہیں۔ انہیں پناہ گزینوں کی زندگیاں بچانے کے لیے ’ہیرو آف ایجیئن‘ کہا جاتا تھا۔لیفٹینیٹ کیریا کوس پاپاڈوپولوس کی عمر چوالیس برس تھی۔ یونان میں سمندری امور کے وزیر فوتیس کوویلیس نے پاپا ڈوپولوس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا، ’’لیسبوس کے جزیرے پر پیدا ہونے اور پرورش پانے والے پاپاڈوپولوس نے یورپ کو بتا دیا کہ یونان میں انسانیت، برابری، یکجہتی اور امن جیسی اقدار کی کیا اہمیت ہے۔انہوں نے انسانی زندگی کی اہمیت کو دنیا بھر کے سامنے اجاگر کیا۔‘‘پاپاڈوپولوس سن 2015ء میں مہاجرین کے بحران کے دوران اپنے بحری جہاز کو لے سمندر میں نکل جاتے اور ربڑ کی ناقص کشتیوں کے ڈوبنے پر اْن تارکین وطن کی زندگیاں بچایا کرتے تھے جو ترکی سے یونان کے درمیان مختصر مگر خطرناک سمندری راستے کو عبور کرنے کی کوشش کیا کرتے تھے۔