می ٹو سے متعلق معاملات کی جانچ کیلئے سینئر ججوں کی کمیٹی کی تشکیل ہوگی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 13-October-2018

نئی دہلی، (یو این آئی) مرکزی حکومت نے ‘می ٹو مہم کے حوالے سے سامنے آنے والی جنسی بدسلوکی کے معاملات کی تحقیقات کے لئے ریٹائرڈ ججوں کی ایک کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ خواتین و اطفال کی بہبود کی مرکزی وزیر منیکا گاندھی نے ٹویٹ کرکے کہاکہ وزارت اس طرح کے معاملات کی تحقیقات کرنے کے لئے ایک کمیٹی قائم کرے گی جس میں سینئر ججوں اور قانونی ماہرین کو رکن کے طور پر شامل کیا جائے گا۔محترمہ گاندھی نے کہا، میں ہر شکایت کے پیچھے درد اور صدمے کو سمجھتی ہوں۔کام کی جگہ پر جنسی زیادتی کے معاملے قطعی برداشت نہیں کی پالیسی سے نمٹا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا ہے کہ یہ کمیٹی کام کی جگہ پر جنسی ہراسانی کے معاملات سے نمٹنے کے لئے قانونی اور ادارہ جاتی عمل دیکھے گی اور پورے عمل کو مضبوط بنانے کا مشورہ دے گی ۔ محترمہ گاندھی نے کہا کہ حکومت نے کام کی جگہ پر خواتین کے ساتھ جنسی ہراسانی کے معاملات کے سلسلے میں ‘قطعی برداشت نہیں کی پالیسی کو اپنائی ہے۔ اس پالیسی میں حکومتی، نیم حکومتی ، نجی کمپنیوں، فیکٹریوں اور گھریلو سطح پر کام کرنے والی خواتین کو شامل کیا گیا ہے۔ ان کے دائرے میں دفاتر میں آنے والی بیرونی خواتین بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کام کی جگہ پر خواتین کو محفوظ بنانے کے لئے ہر ایک ادارے میں میں ایک اندرونی شکایت کمیٹی قائم کرنا لازمی ہے۔ ایسے معاملات میں حکومت کی طرف سے تمام قسم کی مدد کی یقین دلاتے مرکزی وزیر نے کہا کہ تمام زمروں کی تمام خواتین کو اس طرح کے معاملات کی بغیر کسی خوف کے اطلاع دینی چاہئے۔