ویڈیو وائرل :’دگ وجے سنگھ کی تقریر سے کٹتے ہیں ووٹ‘

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 16-October-2018

بھوپال – (یواین آئی) مدھیہ پردیش میں اسمبلی انتخابات سے قبل سابق وزیر اعلی اور کانگریس جنرل سکریٹری دگ وجے سنگھ کاایک ویڈیو وائرل ہو رہا ہے، جس میں وہ مبینہ طور پر یہ کہتے ہوئے سنائی دے رہے ہیں کہ ان کی تقریر کرنے سے ووٹ کٹتے ہیں۔

ویڈیو میں مسٹر سنگھ مبینہ طور پر کچھ لوگوں سے کہہ رہے ہیں کہ جس کو ٹکٹ ملے، چاہے دشمن کو ملے، اس جتاؤ، میرا کام صرف ایک ہے، کوئی پرچار نہیں، کوئی تقریر نہیں، میری تقریر دینے سے کانگریس کے ووٹ کٹتے ہیں، اس لئے میں جاتا نہیں۔

مسٹر سنگھ گزشتہ دنوں دارالحکومت بھوپال میں کانگریس صدر راہل گاندھی کے روڈ شو میں بھی شامل نہیں ہوئے تھے۔مسٹر گاندھی نے اس کے بعد وندھيہ، مهاكوشل اور گوالیاروچمبل ڈویژن کا دورہ بھی کیا، لیکن مسٹر سنگھ ان کے ساتھ اسٹیج پر نہیں دکھائی دئیے.

وہیں بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی ترجمان رجنیش اگروال نے اس وائرل ویڈیو پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ براہ راست طور پر مسٹر سنگھ کا اعتراف ہے کہ مدھیہ پردیش کا ’بنٹادھار‘ کرنے میں ان کی حکومت کی بدانتظامی ذمہ دار ہے۔

خیال رہے ریاست میں1993 سے 2003 تک مسٹر سنگھ کی حکومت تھی۔ 2003 میں بجلی، پانی اور سڑک کی وجہ سے ان کی حکومت کو بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے بعد سے ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت ہے۔

مدھیہ پردیش میں 28 نومبر کو پولنگ ہوگی اور 11 دسمبر کو الیکشن کے نتائج آئیں گے۔