ٹی آرایس سربراہ چندر شیکھر راؤ ووٹروں کو بھیجیں گے خط

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 17-October-2018

حیدرآباد (ایجنسی): ریاست میں برسر اقتدار ٹی آر ایس پارٹی سربراہ و کارگذار وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کے خطوط کے ذریعہ رائے دہندوں تک رسائی حاصل کرنا چاہتی ہے۔ ان خطوط میں پارٹی حکومت کی جانب سے ریاست میں نافذ کی گئی فلاحی اسکیمات کو اجاگر کیا جائیگا۔ پارٹی اس بات پر غور کر رہی ہے کہ آیا یہ خطوط عام رائے دہندوں کو روانہ کئے جانے چاہئیں یا پھر فلاحی اسکیمات کے استفادہ کنندگان کو روانہ کے جائیں۔ پارٹی ذرائع نے یہ بات بتائی۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی اس تجویز کو قطعیت نہیں دی گئی ہے۔ تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات 7 ڈسمبر کو منعقد ہونے والے ہیں۔ ٹی آر ایس کو یقین ہے کہ اس کی اسکیمات بشمول ریتو بندھو وغیرہ سے عوام کو فائدہ ہوا ہے۔ پارٹی کے سی آر کے جو خطوط عوام کو روانہ کرنا چاہتی ہے ان میں امکان ہے کہ انسداد غربت کیلئے شروع کردہ اسکیمات کو بھی شامل کیا جائیگا۔ ذرائع نے مزید کہا کہ ٹی آر ایس منشور کمیٹی کا منگل کو اجلاس منعقد ہوگا۔ واضح رہے کہ مدھیہ پردیش ، راجستھان، چھتیس گڑھ اور میزورم کے ساتھ تلنگانہ میں بھی انتخابات کا اعلان کردیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ کے چندرشیکھر راؤ نے قبل ازوقت انتخابات کے لیے اسمبلی کو تحلیل کردیا تھا۔تلنگانہ میں ایک ہی مرحلہ میں7دسمبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔