پاکستان-ایران سرحد پر پاسداران انقلاب کے 2افسران سمیت 14ایرانی اسیکورٹی اہلکاروں کا اغوا

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 16-October-2018

تہران – (یو این آئی) پاکستان ایران سرحد پر پاسدارن انقلاب کے حساس شعبہ کے 2 افسران سمیت 14 ایرانی سیکیورٹی اہلکاروں کو مبینہ طور پر اغوا کرلیا گیا۔

ایران کے سرکاری ادارے آئی آر این اے کے مطابق تمام افراد کو علی الصبح 4 بجے سے 5 بجے کے قریب لول کدان کے سرحدی علاقہ سے ایک دہشت گرد گروہ نے اغوا کیا۔

واضح رہے کہ لول کدان ایرانی صوبہ سیستان بلوچستان کے شہر زاہدان کے جنوب مشرق میں 150 کلومیٹر پر واقع ایک گاؤں ہے۔

سرکاری خبر رساں ویب سائٹ ’ینگ جرنلسٹ کلب‘ کی رپورٹ کے مطابق 14 اہلکاروں میں سے 2 ایرانی پاسداران انقلاب کے حساس شعبے سے تعلق رکھتے تھے۔

دیگر 7 اہلکار ’باسیج ملیشیا‘ میں رضاکار کی حیثیت سے ایک سیکورٹی آپریشن میں حصہ لے چکے تھے، جبکہ بقیہ تمام اہلکار سرحدی محافظ تھے۔

تاہم ایرانی میڈیا کہ جانب سے واقعہ میں ملوث یا کسی مشتبہ دہشت گروہ کی شناخت کا تذکرہ نہیں کیا گیا۔