کانگریس پر ملک کی سکیورٹی کے ساتھ کھلواڑ کرنے کا الزام

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 15-October-2018

ہوشنگ آباد،(یواین آئی)بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جےپی)کے صدر امت شاہ نے آج کانگریس پر ملک کی سکیورٹی کے ساتھ کھلواڑ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ دراندازوں کا مسئلہ ہمارے لئے ملک کی سکیورٹی کا معاملہ ہے،لیکن کانگریس اور اس کی حامی پارٹیوں کےلئے درانداز ووٹ بینک ہیں۔مسٹر شاہ نے مدھیہ پردیش کے ہوشنگ آباد میں نرمدا پورم اور بھوپال ڈیویژن کے پارٹی کارکنان سے خطاب کرتےہوئے کہا کہ قومی شہری رجسٹر(این آر سی)سسٹم آسام میں شروع کرنے پر 40لاکھ دراندازسامنے آگئے۔یہ ملک کی سکیورٹی سے منسلک مسئلہ ہے ،لیکن کانگریس اور اس کی حامی پارٹیوں نے اسے ووٹ بینک مان کراس کی مخالفت شروع کردی۔مسٹر شاہ نے نومبر میں 230 اسمبلی سیٹوں والے ریاست کے اسمبلی انتخابات میں ‘دو سو پارکے نعرے کے ساتھ کارکنان سے کہا کہ وہ بی جےپی کو اکثریت سے جیت دلانے کےلئے تیار ہوجائیں۔اس کے بعد 2019 میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں بھی پارٹی کی جیت کو یقینی بناکر مودی کی قیادت میں پھر سے حکومت بنوانی ہے۔ایسا ہونے پر بی جے پی ملک سے ایک ایک درانداز کو باہر نکالے گی۔اس سے پہلے مسٹر شاہ دو روزہ دورے پر خصوصی طیارے سے بھوپال کے راجہ بھوج ہائی اڈے پر پہنچے ۔وہاں سے وہ ہیلی کاپٹر سے ہوشنگ آباد آگئے۔مسٹر شاہ یہاں سے واپس بھوپال پہنچیں گے اور رات کو وہیں قیام کریں گے۔