ہاکی عالمی کپ کی افتتاحی تقریب کا حصہ بنیں گے شاہ رخ خان

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 10-October-2018

نئی دہلی، (یو این آئی ) بالی وڈ کے ‘کنگ خان شاہ رخ خان نے ہندوستانی ہاکی ٹیم کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے اڑیسہ کے بھونیشور میں منعقد ہونے والے ہاکی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب میں حصہ لینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔شاہ رخ نے ٹوئٹر پر مرد ہاکی ٹیم کیلئے اپنی حمایت کا اظہار کیا اور سب سے میزبان ٹیم کیلئے نیک خواہشات کی اپیل بھی کی۔ ہندستان کی میزبانی میں اس سال ہونے والا ہاکی عالمی کپ اب کچھ ہفتے ہی دور رہ گیا ہے ایسے میں ہندستانی ٹیم بھی ٹورنامنٹ کے لیے تیاریوں میں مصروف ہے اور بھونیشور میں ٹریننگ کر رہی ہے۔بالی وڈ اسٹار نے ساتھ ہی کہا کہ وہ نومبر میں ہونے والے عالمی کپ کی افتتاحی تقریب میں بھی موجود رہیں گے۔ آئی پی ایل میں کرکٹ ٹیم کولکاتا نائٹ رائڈرس کے مالک شاہ رخ ہاکی کے بھی پرستار رہے ہیں اور اسکول میں ہاکی کھیلا کرتے تھے۔ انہوں نے حال ہی میں بتایا تھا کہ وہ اپنے چھوٹے بیٹے ابرام کو ہاکی کھلاڑی بنتے دیکھنا چاہتے ہیں جو ایک دن ملک کی نمائندگی کریں۔چک دے انڈیا جیسی فلم میں ہاکی کوچ کا کردار ادا کر چکے شاہ رخ نے کہاکہ ہاکی میرے دل کے بہت قریب ہے، میں نوجوانی کی حالت ہی اس کھیل سے منسلک رہا ہوں اور اب بھی جب میں ہاکی دیکھتا ہوں تو میری دھڑکنیں تیز ہو جاتی ہیں۔ ہندستان نومبر میں اڑیسہ میں ہاکی کی میزبانی کر رہا ہے جو اس کھیل کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ ہے۔ ہمارے پاس ایک باصلاحیت نوجوان ٹیم ہے اور میں انہیں اپنی مکمل حمایت پیش کرتا ہوں۔ یہ سب میرے ہیرو ہیں اور میں عہد کرتا ہوں کہ میرا دل ہندستان کے لیے، ہندستانی ٹیم اور ہاکی کے لیے دھڑک رہا ہے۔اڑیسہ کے وزیر اعلی نوین پٹنائک نے کہاکہ شاہ رخ نوجوانوں کے مثالی ہیں اور ان کا کھیل کے تئیں جذبہ ظاہر ہوتا ہے۔ شاہ رخ کی ہاکی ٹیم کیلئے حمایت کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھائے گی اور ملک کے لوگوں کو بھی اس سے جوڑے گی ۔ میں ان کا اس کے لئے شکریہ کرتا ہوں۔پٹنائک نے اس موقع پر ملک اور دنیا کے ہاکی شائقین کو عالمی کپ کے لیے اڑیسہ آنے اور كلنگا اسٹیڈیم میں دنیا کی عظیم ٹیموں کے درمیان مقابلوں کو دیکھنے کے لیے مدعو کیا۔ وہیں شاہ رخ نے بھی لوگوں سے كلنگا اسٹیڈیم پہنچنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ میرا دل ہاکی کیلئے دھڑک رہا ہے اور میں نے ہاکی ورلڈ کپ کیلئے اڑیسہ جا رہا ہوں، کیا آپ آ رہے ہیں۔ہاکی ورلڈ کپ کا افتتاح 27 نومبر کو كلنگا اسٹیڈیم میں ہوگا جہاں شاہ رخ موجود رہیں گے جبکہ گلوکار اے آر رحمان اپنی پریزنٹیشن دیں گے۔ عالمی کپ 28 نومبر سے 16 دسمبر تک چلے گا جس میں کل 16 ملک حصہ لے رہے ہیں۔