کشواہا سماج کولوک سبھا انتخاب میں ترجیح دی جائے گی:نتیش

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 01-October-2018

پٹنہ (اسٹاف رپورٹر): وزیراعلیٰ نتیش کمار نے اپنی رہائش گاہ پر اتوار کو جنتا دل یو کے کشواہا برادری سے تعلق رکھنے والے رہنمائوں کے ساتھ 5 گھنٹے تک میراتھن میٹنگ کی۔ آر ایل ایس پی رہنما اوپندر کشواہا کی ناراضگی اور سابق وزیر منجو ورما کے استعفیٰ کے بعد این ڈی اے سے کشواہاسماج کے ناراض ہونے کی بات کہی جارہی تھی۔ ایسے میں اس میٹنگ کو نتیش کمار کی طرف سے ڈیمج کنٹرول کی کوشش مانا جارہا ہے۔ میٹنگ میں وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ جنتا دل یو نے ہمیشہ کشواہا سماج کے رہنمائوں کو ٹکٹ دیا ہے اس بار بھی لوک سبھا انتخاب میں انہیں ترجیح دی جائے گی۔ پچھلے اسمبلی انتخاب میں جنتا دل یو کے 17 امیدوار کشواہا سماج سے تھے۔ جن میں سے 11 نے چنائو جیتا تھا۔ جبکہ لوک سبھا انتخاب میں 6امیدوار اس سماج کے تھے ۔لیکن ان میں سے صرف ایک سنتوش کشواہا کو ہی کامیابی نصیب ہوئی تھی۔ اوپندر کشواہا کا نام لئے بغیر نتیش کمار نے کہا کہ وہ بہت لوگوںکو پارٹی میں لے کر آئے، انہیں کھڑا کیا لیکن آج وہی لوگ انہیں آنکھیں دکھا رہے ہیں اور ان پر طنز کرتے ہیںلیکن میں پلٹ کر جواب نہیں دیتا۔ آپ بھی جواب مت دیجئے۔ میٹنگ میں آر ایل ایس پی کے اوپندر کشواہا اور ناگمنی مقررین کے نشانے پررہے۔ عام طور پر لوگوں نے کہا کہ پچھلے اسمبلی انتخاب میں اوپندر کشواہا این ڈی اے میں تھے ، مگر کشواہا سماج نے اس وقت عظیم اتحاد میں شامل جے ڈی یو کوووٹ دیا۔ کشواہا سماج آج بھی نتیش کمار کے ساتھ ہے۔ میٹنگ میں جنتا دل یو کے سبھی سیل کے کشواہارہنمائوں کے علاوہ کشواہا برادری کے 11 ایم ایل اے، 2 ایم ایل سی ،ایک ایم پی اور 2سابق ایم ایل سی کے علاوہ 2 سابق ارکان پارلیمنٹ مجموعی طور پر 26 رہنما اور 876 کارکنان شامل ہوئے۔