ریاست

بہار قانون سازیہ کی پوری کارروائی اب آن لائن ہوگی

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 06-November-2018

پٹنہ (اسٹاف رپورٹر): بہار قانون سازیہ کی پوری کارروائی اب آن لائن ہوگی۔ ارکان قانون سازیہ کے سوال وجواب اب پوری طرح سے آن لائن ہوجائیںگے۔ اس سلسلے میں سوموار کو بہار اسمبلی کے کانفرنس ہال میں اورینٹیشن پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام میں مرکزی حکومت کے نمائندہ بھی موجود تھے۔ پروگرام میں بہار اسمبلی کے اسپیکر وجئے کمار چودھری ،قانون ساز کونسل کے کارگزار چیئرمین ہارون رشید اور دونوں ہائوس کے سکریٹری موجود تھے۔ اس موقع پر اسپیکر وجئے کمار چودھری نے کہا کہ میں چاہتاہوں کہ نیشنل ای ودھان اپلیکیشن بہار میں سب سے پہلے نافذ ہو۔ جلد سے جلد اسے نافذ کیا جائے ۔ پورے ملک میں ایوان کی کارروائی کو آن لائن کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس کیلئے ہر ریاست میں ورک شاپ کے ذریعہ تربیتی دی جارہی ہے۔ جب تربیت پوری ہوجائے گی تو ای ودھان اپلیکیشن ایپ کو لانچ کیا جائے گا۔ اسمبلی کی کارروائی بھی اب ڈیجیٹل ہوگی۔ ای ودھان اپلیکیشن ایپ کو موبائل اور کمپیوٹر میں یکساں طور سے انسٹال کر کے کوئی بھی لوک سبھا ، راجیہ سبھا ، ریاستی اسمبلی اور کونسل کی کوئی بھی معلومات حاصل کرسکے گا۔ ایوان میں کوئی بھی ممبر جیسے ہی بھاشن دیںگے اس کے فوراََ بعد اس کی پوری تفصیل سوشل میڈیا پر دستیاب ہوگی۔ کس ممبر نے کتنی دیر تک کون سی بات رکھی اس کی پوری تفصیل موجود رہے گی۔ کسی ممبر کو یہ شکایت نہیں ہوگی کہ انہیں وقت نہیں ملا۔ اس طرح ایوان میں سوالات اور اس کے جواب کی پوری تفصیل منٹوں میں سوشل میڈیا پر آجائے گی۔

About the author

Taasir Newspaper