ہندستان ہندوستان

دھن تیرس پر جھارکھنڈ حکومت نے کی دھن کی برسات

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 06-November-2018

رانچی (معیز الدین خان): جھارکھنڈ کی رگھوور داس حکومت نے دھن تیرس کے دن دھن کی برسات کی ہے۔ ریاستی کابینہ کی میٹنگ میں عوامی مفاد سے جڑے کئی تجاویز پر مہر لگائی گئی۔ جس میں مانکی منڈا اور گرام پردھان کی اعزازیہ رقم بڑھا کر دوگنی کردی گئی ہے۔ مانکی کو 3ہزار ، گرام پردھان کو دو ہزار اور منڈا کو دو ہزار دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ دوسرے زمرے کے سماجی اور انتظامی امور انجام دینے والے لوگوں کو بھی حکومت نے کئی سہولیات دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ سماجی اور انتظامی کام کرنے والے لوگوں کو ایک ایک ہزار روپئے کی اعزازی رقم دی جائے گی۔ جھارکھنڈ کابینہ کی میٹنگ میں شہری ترقیات محکمہ کی تجویز کو بھی منظوری ملی ہے۔ جس کے تحتبرسا منڈا پرانی جیل احاطہ میں بننے والے میوزیم کیلئے 3 کروڑ 57 لاکھ 28 ہزار روپئے منظور کئے گئے۔ یہاں بھگوان برسا منڈا کی 25 فٹ اونچی مورتی لگائی جائے گی۔ اس کے علاوہ جھارکھنڈ کے 10 دیگر شہیدوںکامجسمہ بھی لگایا جائے گا۔ کابینہ نے محکمہ فلاح کی تجویز کومنظوری دیتے ہوئے ایس سی ، ایس ٹی کے ان طلبا وطالبات کو جو یوپی ایس سی کے پی ٹی امتحان میں کامیاب ہوئے ہیں انہیں مین اکزام اور انٹرویو کیلئے حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ اس کیلئے حکومت نے ایک لاکھ روپئے کی امدادی رقم دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے اس کیلئے شرط رکھی ہے کہ اس اسکیم کا فائدہ اٹھانے والے امیدواروں کو جھارکھنڈ سے انٹر اور گریجویٹ ہونا ضروری ہے۔ حکومت نے محکمہ فلاح کا نام بدلا ہے۔ اس محکمہ کا نیا نام درج فہرست ذات وقبائل ،پسماندہ، اقلیت فلاح محکمہ ہوگا۔ نام کی تبدیلی مرکز کے مطابق کی گئی ہے۔ حکومت نے آنگن باڑی سیویکا ،سہائیکا اور چھوٹی آنگن باڑی سیویکائوں کو دیوالی کا تحفہ دیا ہے۔ حکومت نے ان تینوں کے اعزازیہ اور انسنٹیو دونوں میں اضافہ کیا ہے۔ سیویکا کے اعزازیہ میں 1500 کا اضافہ ہوا ہے۔ جبکہ سہائیکا کے اعزازیہ میں 750 اور چھوٹی آنگن باڑی سیویکا کے اعزازیہ میں 1250 روپئے کا اضافہ ہوا ہے۔

About the author

Taasir Newspaper