ریاست

دھن تیرس کے موقع پر بازاروں میں رہی رونق ، جم کر ہوئی خریداری

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 06-November-2018

پٹنہ (اسٹاف رپورٹر): راجدھانی پٹنہ سمیت پوری ریاست میں دھن تیرس کے موقع پر بازاروں میں کافی رونق دیکھی گئی۔ دھن تیرس اصل میں دھنونتری جینتی کا تہوار ہے اور آیوروید کے بانی دھنونتری کے یوم پیدائش کے طور پر منایا جاتا ہے۔ دھن تیرس کے دن نئے برتن ،سونا ،چاندی خریدنے کی روایت ہے۔دھن تیرس دولت اور خوشحالی کی علامت ہے۔ پٹنہ سمیت ریاست کے سبھی ضلعوں میں دیوالی اور دھن تیرست کیلئے پٹاخوں، مٹھائیوں، برتنوں اور صرافہ بازار میں خاصی رونق دیکھی گئی۔ لوگ سونے، چاندی کے زیورات کے علاوہ ان کے سکے، پیتل اور عام استعمال کی دوسری چیزوں کے علاوہ جھاڑو بھی خریدتے ہوئے دیکھے گئے۔ دھن تیرس کے موقع پر دوپہیہ اور چارپہیہ گاڑیوں کی خریداری بھی بڑے پیمانے پر ہوئی۔ اس موقع پر مختلف بازاروں اور دکانوں میں خریداروں کیلئے خصوصی آفر بھی رکھے گئے تھے۔آٹو بازار میں کمپنیوں کی طرف سے گاڑیوں کی خرید پر چاندی کے سکوں اور ایل ای ڈی بطور گفٹ دیئے جارہے تھے۔ کچھ لوگ ٹی وی، فریز، واشنگ مشین اور دوسرے گھریلو سامان بھی خریدتے ہوئے دیکھے گئے۔ دیوالی کی تیاری کے سلسلے میں کچھ لوگ دھن تیرس کے دن سجاوٹ کے سامان اورلکشمی کی مورتیاں بھی خریدتے دیکھے گئے۔ راجدھانی کے چاندنی چوک، ڈاک بنگلہ چوراہا، انیس آباد، کنکڑ باغ، بورنگ روڈ، اسٹیشن روڈ ، راجا بازار ، فریزر روڈ اور اشوک راج پتھ کے بازاروں میں خریداروں کے ہجوم کے سبب جام کی کیفیت پیدا ہوگئی۔ اس موقع پر راجدھانی پٹنہ کے سبھی بازاروں اور بڑے مالوں کو جھالروں کو سجایا گیا ہے۔ خریداروں کو راغب کرنے کیلئے طرح طرح کے آفر بھی دیئے جارہے ہیں۔

About the author

Taasir Newspaper