سیاست سیاست

راج بھاشا کے زیر اہتمام مہا کوی ویوگی اور ناگا ارجن کو خراج عقیدت

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 06-November-2018

پٹنہ(اسٹاف رپورٹر)محکمہ کابینہ سکریٹریٹ راج بھاشا کے زیر اہتمام مہا کوی پنڈت موہن لال مہتو ’ویوگی‘کے یوم پیدائش اور جن کوی ناگا ارجن کی برسی کے موقع پر مشترکہ پروگرام کا انعقاد کرکے ان کی خدمات کو یادکیا گیا اور انہیں پر خلوص خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ پروگرام کی صدارت رکن قانون ساز کونسل ڈاکٹر سنجے پاسوان نے کی۔ اس موقع پر راج بھاشا کے ڈائرکٹر امتیاز احمد کریمی نے استقبالیہ خطبہ میں دونوں عظیم شخصیتوں کی ادبی اور شعری خدمات کو یاد کرتے ہوئے ان کی شخصیت اور کارناموں پر روشنی ڈالی۔جناب کریمی نے کہا کہ یہ دونوں ہندی کے نہ صرف ایک عظیم شاعر ہیں بلکہ انہوں نے اپنی شعری اور ادبی خدمات سے سماج کو راستہ دکھانے کی کامیاب کوشش کی ہے۔ جناب کریمی نے کہا کہ جن کوی ناگا ارجن کو اردو سے بھی بہت لگائو تھا۔ پروگرام سے جے ڈی ویمنس کالج کی پروفیسر ڈاکٹر اوشا سنگھ، بہار یونیورسٹی مظفر پور کے شعبہ ہندی کے پروفیسر ڈاکٹر رویندر اپادھیائے، پٹنہ کالج کے شعبہ ہندی کے صدر ڈاکٹر ترون کمار نے ان دونوں عظیم شاعروں کی شخصیت پر اظہار خیال کیا۔ محکمہ کابینہ سکریٹریٹ کے اسپیشل سکریٹری ڈاکٹر اپیندر ناتھ پانڈے اور ڈاکٹر مہیندر پال نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات ظاہر کئے۔ پروگرام کی نظامت ڈاکٹر پرمود کنور نے کی اور لال بابو پاسوان نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔پروگرام میں کثیر تعداد میں ہندی ادب سے وابستہ افراد شامل ہوئے۔

About the author

Taasir Newspaper