ریاست

پٹنہ نہیں پہنچے تیج، گیا سے ہی ورنداون کیلئے روانہ

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 06-November-2018

گیا (نمائندہ):آرجے ڈی سپریمو لالو پرساد یادو کے بڑے بیٹے تیج پرتاپ یادو اپنی اہلیہ ایشوریا رائے سے صلح کرنے کے موڈ میں نہیں ہیں۔ سوموار کی صبح گھر والوں کے سمجھانے بجھانے کے بعد وہ شام تک پٹنہ لوٹنے کیلئے بظاہر تیار ہوگئے تھے۔ پٹنہ میں ان کے گھر پران کاانتظار بھی ہورہا تھا ، مگر وہ گیا سے ہی کسی کو بتائے بغیر ورندا ون کیلئے روانہ ہوگئے۔ دراصل تیج پرتاپ یادو گذشتہ اتوار کو ہی بودھ گیا پہنچے تھے اور ایک ہوٹل میں ٹھہر گئے تھے۔ سوموار دوپہر سے ہی میڈیا کے اہلکار ہوٹل کے باہر بیٹھے ہوئے تھے۔ جبکہ تیج پرتاپ یادو ہوٹل کے کمرے میں تھے ہی نہیں۔ میڈیا اہلکاروں سے انہوں نے کوئی بات نہیں کی۔ پھر بودھ گیا کے آر جے ڈی ایم ایل اے کمار سروجیت تقریباََ ساڑھے پانچ بجے ہوٹل پہنچے اور انہوں نے ان کے کمرے کا دروازہ کھلوایا ۔ لیکن تیج پرتاپ کمرے میں نہیں تھے۔ پوچھ تاچھ کرنے پر پتہ چلا کہ تقریباََ تین بجے تیج پرتاپ یادو ورندا ون کیلئے روانہ ہوگئے تھے۔ اس معاملے پر بودھ گیا کے آرجے ڈی ایم ایل اے کمار سروجیت نے کہا کہ تیج پرتاپ یادو نے کل بات چیت میں برنداون جانے کی بات کہی تھی۔ لیکن ان لوگوں کا یہ اپنا معاملہ ہے۔ اس لئے ہم لوگ کچھ خاندان معاملے میں نہیں بول سکتے ہیں۔ ایک جپسی جس میں سیکوریٹی اہلکار تھےوہ خراب ہوگئی تھی، اسے بنوایا جارہا تھا۔ اسی دوران تیج پرتاپ اپنے پرائیویٹ باڈی گارڈ کے ساتھ ورنداون کیلئے روانہ ہوگئے۔

About the author

Taasir Newspaper