بین الاقوامی خبریں ہندوستان

گرونانک کی 550ویں سالگرہ ملک اور بیرون ممالک میں دھوم دھام سے منائی جائےگی

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 22-November-2018

نئی دہلی، (یواین آئی)حکومت نے سکھوں کے عظیم سنت گرو نانک کی 550ویں سالگرہ اگلے سال ملک اور بیرون ممالک میں دھوم دھام سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ڈیرا بابا نانک سے بین الاقوامی سرحد تک ایک گلیارہ بنایا جائےگا جہاں سے عقیدت مند پاکستان کے کرتارپور صاحب جا سکیں گے۔

قابل ذکر ہے کہ گرونانک کرتارپور میں 18سال تک قیام پزیر رہے تھے۔وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں آج کابینہ کی میٹنگ میں اس تجویز کو منظوری دی گئی ہے۔

وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ حکومت پاکستان سے بات کر کے یہ گلیارہ بنائے گی تاکہ عقیدت مندوں کے جذبات کا خیال رکھتے ہوئے سرحد پر ایک ٹرمینل بنایا جائے جہاں عقدیت مندوں کو ویزا ٹرانزٹ اور بارڈر ٹیکس کی جدید سہولیات دستیاب ہوں گی اور وہ بآسانی کرتار پور جاسکیں۔ہندوستان ،پاکستان سے بھی اپیل کرے گا کہ وہاں بھی ایک ایسا ٹرمینل بنایا جائے۔

مسٹر جیٹلی نے بتایا کہ گرو نانک کی یاد میں ایک خصوصی یادگاری سکہ اور ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیا جائےگا اور ایک خصوصی ریل گاڑی بھی چلائی جائے گی جو گرو نانک سے منسلک شہروں اور گرودواروں کی طرف جائے گی،اس کےعلاوہ ان کی یادگار میں ایک ’سرودھرم سنستھان‘بھی بنائی جائےگی اور گروبانی کا ہندوستانی زبان میں ترجمہ بھی کرایا جائےگا۔

آج یہاں جاری ایک ریلیز کے مطابق سلطان پور لودھی کو ایک اسمارٹ سٹی اور وراثتی شہر کے طورپر ترقی دی جائےگی جہاں گرونانک نے اپنی زندگی کا زیادہ تر وقت گزارا تھا۔اس کے علاوہ سلطان پور لودھی اسٹیشن بھی بنایا جائےگا۔

About the author

Taasir Newspaper