ہندستان ہندوستان

ہرگھرتک بجلی پہنچی،ختم ہوا لالٹین کا دور:نتیش

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 05-November-2018

مونگیر(نمائندہ) :وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا ہے کہ بہار کے ہر گھر تک بجلی پہنچ گئی ہے۔ اس لئے اب لالٹین کا دور بھی ختم ہوگیا ہے اور بھوت بھی بھاگ گیا ہے۔ وزیراعلیٰ یہاں جنتا دل یو کی طرف سے منعقد ڈویژن سطح کے دلت ،مہادلت سمیلن سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے جب گائوں میں بجلی نہیں تھی تو لوگ شام ہوتے ہی بچوں کو گھر کے اندر کرلیتے تھے اور انہیں اندھیرے میں باہر جانے سے روکتے تھے۔ کہتے تھے باہر بھوت ہے۔ اب 24 گھنٹے بجلی ملنے لگی ہے۔ تو نہ لالٹین کی ضرورت ہے اور نہ ہی بھوت کا کوئی خطرہ۔ انہوں نے اپوزیشن کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ لوک سبھا انتخاب قریب ہے تو کچھ بھڑکانے کیلئے آرہے ہیں۔ کہتے ہیں دلت، مہادلت بابا بھیم رائو کے لوگ ہیں ، کچھ لوگ اقتدار میں آتے ہی لوٹ کھسوٹ میں مصروف ہوجاتے ہیں ۔ جبکہ مہاتما گاندھی نے کہا تھا کہ کام کئے بغیر دولت اکٹھا کرنا گناہ عظیم ہے۔ اس سے بچنا چاہئے۔ نتیش نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے بعد سے ہی میں انصاف کے ساتھ ترقی کیلئے کام کررہا ہوں۔ انہوں نے دلتوں کیلئے چلائے جارہے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کی ہرممکن کوشش کی ہے۔ ایس سی ،ایس ٹی کیلئے نئے ہاسٹل بنوائے جارہے ہیں اور پرانے ہاسٹلوں کی بھی حالت سدھاری جارہی ہے اور ہاسٹل میں رہنے والے ہر طالب علم کو ماہانہ 15 کلو اناج اور ایک ہزار روپئے نقد سے مدد کی جارہی ہے۔ اس کا فائدہ بھی دلتوں اور مہادلتوں کو ملے گا۔ دلتوں کو صنعت کار بنانے کیلئے 10 لاکھ روپئے تک کی مدد دی جارہی ہے۔ جس میں سے 5 لاکھ مدد ہوگی اور 5 لاکھ بغیر سود والا قرض ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ شراب بندی کے معاملے میں بھی غلط فہمی پھیلائی جارہی ہے۔ لیکن میں یہ بار بار واضح کررہا ہوں کہ شراب بندی سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ اس کا سب سے زیادہ فائدہ دلتوں اور مہادلتوں کو ہورہا ہے۔

About the author

Taasir Newspaper