امریکہ نے ایران پر اوباما دور میں ہٹائی گئیں پابندیاں دوبارہ بحال کر دیں

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 03-November-2018

 امریکہ نے ایران پر ان پابندیوں کو دوبارہ لاگو کرنے کا اعلان کیا ہے، جنہیں سابق صدر براک اوباما نے سال 2015 کے جوہری معاہدے کے تحت ہٹا لیا تھا۔ بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کی طرف سے ایران کی جہاز رانی، مالیاتی اور توانائی شعبوں میں دوبارہ لگائی گئی پابندیاں پیر سے مؤثر ہوں گی۔

امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی طرف سے گذشتہ مئی مہینے میں ایران کے ساتھ بین الاقوامی جوہری معاہدہ سے الگ ہونے کے اعلان کے بعد امریکہ نے دوسری بار ایران پر پابندی عائد کی ہے۔ امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے جمعہ کو کہا’’پابندیوں کا مقصد بنیادی طور پر ایران کے رویے کو تبدیل کرنا ہے‘‘۔ انہوں نے 12 مطالبات کی ایک فہرست جاری کی اور کہا کہ اگر ایران خود پر عائد پابندیوں کو ہٹانا چاہتا ہے،تو اسے ان مطالبات کو پورا کرنا چاہئے۔

پومپيو نے جو فہرست جاری کی ان میں دہشت گردی کی حمایت بند کرنا، شام سے فوجیوں کو ہٹانا اور جوہری اور بیلسٹک میزائل کے فروغ دینے کے پروگرام وغیرہ پر مکمل طور پر روک لگانا شامل ہے۔