اٹلی: لیبیا کے فریق کانفرنس کے لیے پالرمو میں جمع، خلیفہ حفتر شرکت نہیں کریں گے

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 12-November-2018

پالرمو،اٹلی،اٹلی کے شہر پالرمو میں لیبیا کے حوالے سے پیر کے روز منعقد ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس سے قبل لیبیائی فریقوں کی جانب سے بین الاقوامی اور علاقائی سطح پر بھرپور رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔ کانفرنس میں لیبیا میں عام انتخابات کا موضوع خصوصی طور پر زیر بحث آئے گا۔پالرمو کانفرنس میں لیبیا کے پارلیمنٹ کے اسپیکر عقیلہ صالح اور لیبیا کی فوج کے سربراہ خلیفہ حفتر کو شریک ہونا تھا تاہم “العربیہ” کے ذرائع نے بتایا ہے کہ کانفرنس میں خلیفہ حفتر کی شرکت نہیں ہو گی۔ دوسری جانب دارالحکومت طرابلس سے ریاست کی سپریم کونسل کے سربراہ خالد المشری اور قومی وفاق کی حکومت کے سربراہ فائز السراج کانفرنس میں شرکت کریں گے۔لیبا کے شہر مصراتہ سے تعلق رکھنے والی سیاسی اور عسکری شخصیات پر مشتمل ایک وفد پیرس کے راستے روم پہنچا ہے۔ وفد نے پیرس میں فرانس کے وزیر خارجہ جان ایف لودراں سے ملاقات کی۔اس سے قبل خلیفہ حفتر نے برطانیہ کے ایک وفد سے ملاقات کی جس کی صدارت لیبیا میں برطانوی سفیر فرینک بیکر کر رہے تھے۔ حفتر کے دفتر کے مطابق ملاقات میں مقامی اور بین الاقوامی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوا۔برطانوی وفد نے لیبیا کی پارلیمںٹ میں بنغازی شہر کی نمائندگی کرنے والے ارکان سے بھی ملاقات کی۔اٹلی کے اخبارات کی رپورٹوں کے مطابق خلیفہ حفتر نے اپنے روس کے دورے کے دوران ماسکو میں اٹلی کی خارجہ انٹیلی جنس کے سربراہ سے غیر اعلانیہ ملاقات کی۔لیبیا کی تیل کی پیداوار دو گنا ہو کر یومیہ 30 لاکھ بیرل تک پہنچنے کا امکان سامنے آنے کے بعد مغربی ممالک پالرمو کانفرنس پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔ یہ امر ایران پر امریکی پابندیوں کے لاگو ہونے کے نتیجے میں عالمی منڈی میں تیل کی کمی پر قابو پانے میں مدد گار ثابت ہو گا۔