بمراہ، کلدیپ، امیش کو آخری ٹی -20 میں آرام

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 10-November-2018

نئی دہلی، (یو این آئی) جسپريت بمراہ، کلدیپ یادو اور امیش یادو کو ویسٹ انڈیز کے خلاف اتوار کو چنئی میں ہونے والے سیریز کے آخری ٹوئنٹی 20 میچ میں ہندستانی کرکٹ ٹیم سے آرام دیا گیا ہے۔ہندستانی کرکٹ ٹیم مینجمنٹ نے جمعہ کو اس کااعلان کیا۔ تینوں بولروں کو آسٹریلیا کے آئندہ دورے کو ذہن میں رکھتے ہوئے آرام دیا گیا ہے تاکہ وہ بالکل فٹ رہ سکیں۔ سلیکٹرز نے فاسٹ بولر سدھارتھ کول کو آخری ٹوئنٹی 20 میں ہندستانی ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔ہندستان نے تین میچوں کی سیریز کے پہلے دو میچ جیت کر 2-0 سے پہلے ہی سیریز میں ناقابل تسخیر برتری حاصل کرلی ہے جبکہ ون ڈے میں اس نے 3-1 سے جیت اپنے نام کی تھی۔ بمراہ کو ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے دو ون ڈے میچوں میں بھی آرام دیا گیا تھا لیکن سیریز کے آخری تین میچوں میں کھیلے تھے۔بمراہ نے دو ٹوئنٹی 20 میچوں میں تین وکٹ نکالے تھے اور آٹھ اوورز میں صرف 47 رنز دیے تھے۔ امیش نے اگرچہ پہلا ہی ٹوئنٹی 20 میچ کھیلا تھا اور چار اوورز میں 36 رن پر ایک وکٹ نکالا، وہ ون ڈے سیریز کے ابتدائی دو میچوں میں آخری الیون کا حصہ تھے۔کلدیپ کو بھی پہلے ون ڈے میں آرام دیا گیا تھا لیکن باقی چار میچوں میں وہ کھیلے تھے اور دونوں ٹوئنٹی 20 میچوں میں بھی کھیلے تھے۔ کلدیپ کا ونڈيز کے خلاف مظاہرہ بہترین رہا ہے اور انہوں نے ون ڈے میں 19.88 کے اوسط سے نو وکٹ لئے تھے جبکہ دو ٹوئنٹی 20 میں پانچ وکٹ نکالے تھے۔ وہ کولکتہ میں مین آف دی میچ رہے تھے۔آخری میچ کے لیے ٹیم میں شامل سدھارتھ نے اب تک ہندستانی ٹیم کے لیے تین ون ڈے اور دو ٹوئنٹی 20 میچ ہی کھیلے ہیں۔ وہ ستمبر میں ہندوستان کے کیلئے ایشیا کپ میں کھیلے تھے۔ سدھارتھ کے علاوہ بھونیشور کمار، خلیل احمد دیگر فاسٹ بولر ہیں۔ اس کے علاوہ روہت شرما کی کپتانی والی ٹیم میں یجویندر چہل، کرنال پانڈیا، شہباز ندیم اور واشنگٹن سندر دیگر اسپنر ہیں۔ٹیم اس طرح ہے:روہت شرما (کپتان)، شکھر دھون، لوکیش راہل، دنیش کارتک (وکٹ کیپر)، منیش پانڈے، شريس ایر، رشبھ پنت، کرنال پانڈیا، واشنگٹن سندر ، یجویندر چہل، بھونیشور کمار، خلیل احمد، شہباز ندیم، سدھارتھ کول۔