بن سلمان کا خاشقجی قتل کیس سے کوئی تعلق نہیں:عادل الجبیر

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 17-November-2018

ریاض  ( آئی این ایس انڈیا ) سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا جمال خاشقجی کے قتل کے واقعے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔انھوں نے یہ بات جمعرات کو ایک نیوز کانفرنس میں کہی ہے۔وہ اس سے قبل بھی یہ کہہ چکے ہیں کہ ولی عہد کا اس واقعے سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں تھا۔قبل ازیں سعودی عرب کے محکمہ پبلک پراسیکیوشن نے ترکی کے شہر استنبول میں سعودی قونصل خانے میں جمال خاشقجی کے قتل کی تحقیقاتی رپورٹ جاری کی ہے اس نے اس واقعت میں ملوث پانچ افراد کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔پبلک پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ ان پانچ افراد نے جمال خاشقجی کے قتل کا اعتراف کرلیا ہے۔سعودی حکام نے ان افراد سمیت کل اکیس ملزموں سے تفتیش کی ہے اور ان میں سے گیارہ پر قتل کے الزام میں فرد جرم عاید کی گئی ہے۔تاہم حکام کا کہنا ہے کہ فوجداری نظام کے تحت فی الوقت ان ملزموں کے نام ظاہر نہیں کیے جاسکتے۔