بہار میں پٹرول پمپ اور گیس ایجنسی سے 26 لاکھ کی لوٹ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 14-November-2018

بھاگلپور؍حاجی پور( تاثیر بیورو) بہارمیںبے خوف جرائم پیشوں نےآج دو مختلف مقامات پر پٹرول پمپ اور گیس ایجنسی کے ملازمین سے مجموعی طور پر تقریباََ 26 لاکھ روپئے لوٹ لئے۔ پہلا واقعہ بھاگلپور میں پیش آیا ۔ جہاں جنتادل یو صدر کے پٹرول پمپ کے ملازمین سے بدمعاشوں نے دن دہاڑے 16 لاکھ بیس ہزار روپے لوٹ کر فرار ہو گئے ۔پولیس ذرائع نے یہاں بتایاکہ جے ڈی یو کے ضلعی صدر ویبھوتی گوسوامی کے دو ملازم ویکاس کمار شرما اور آنند کمار موٹر سائیکل سے پیسہ جمع کرنے کیلئے پیر پینتی تھانہ کے سرماری بازار واقع اسٹیٹ بینک آف انڈیا جارہے تھے تبھی منجھروہی بازار کے نزدیک پہلے سے موٹر سائیکل سوار تین بدمعاشوں نے اسلحہ کا خوف دکھا کر یہ رقم لوٹ لی۔ اس سلسلے میں متعلقہ تھانہ میں ایف آئی آر درج کرکے پولیس بدمعاشوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے ماری کر رہی ہے۔دوسرا واقعہ ویشالی ضلع کے نگر تھانہ علاقہ کے ہتھیسار گنج محلہ میںپیش آیا ۔جہاں جرائم پیشہ افرادگیس ایجنسی کے دو ملازمین سے نولاکھ 40 ہزار روپے لوٹ کر فرار ہو گئے ۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ گیس ایجنسی کے دو ملازمین بلیرام رائے اور برج کشور موٹر سائیکل سے انجان پوری محلہ واقع اسٹیٹ بینک آف انڈیا میں روپے جمع کرنے جارہے تھے تبھی ہتھیسار محلہ میں پہلے سے گھات لگائے موٹر سائیکل سوار تین بدمعاشوں نے اسلحہ دکھا کر انہیں اپنے قبضے میں لے لیا اور لوٹ کی کوشش کی ۔ذرائع نے بتایاکہ مخالفت کرنے پر بدمعاشوں نے دونوں ملازمین کو گولی مار کرزخمی کر دیا اور ان کے پاس سے تھیلے میں رکھے نو لاکھ 40 ہزار روپے لوٹ کرفرار گئے ۔ بلیرام رائے کو پٹنہ میڈیکل کالج اسپتال جبکہ برج کشور کو حاجی پور صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں متعلقہ تھانہ میں ایف آئی آر درج کر پولیس معاملے کی تفتیش کررہی ہے۔