ترقیاتی کاموں کا کوئی مذہب نہیں ہوتاہے: ممتا

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 06-November-2018

کلکتہ(یو این آئی) مندر کے شہر دکھنیشور میں اسکائی واک کا افتتاح کرتے ہوئے وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا ہے اور اس کو مذہب سے جوڑنے والے افراد ذہنی دیوالیہ پن کے شکار ہیں۔دکھنیشور ترقیاتی بورڈ کے چیر مین کے عہدہ پر ریاستی وزیر فرہاد حکیم کو فائز کیے جانے پر ہونے والے تنازع کا حوالہ دیے بغیر وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ ریاست کے اہم مقامات کی ترقی اور زائرن کو سہولیت پہنچانے کی ذمہ داری حکومت کی ہے۔حکومت کسی بھی مذہب کی نمائندہ نہیں ہوتی ہے۔وزیرا علیٰ نے کہا کہ ہم ایک مذہب کا احترام کرتے ہیں اور بلاتفریق مذہب ریاست کو ترقی یافتہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔وزیرا علیٰ نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کو مذہب اور ہندو مسلمان کے عینک سے دیکھنے والے در اصل ذہنی دیوالیہ پن کے شکار ہیں۔جو لوگ رام کرشنا پرم ہنس اور رانی راش منی کی تاریخ کو نہیں جانتے ہیں وہ اس طرح کی حرکتیں کرتے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہاں لاکھوں افراد پوجا کرنے کیلئے آتے ہیں۔اسکائی واک کی تعمیر کے بعد لوگوں کی آسانی ہوگی۔یہ پروجیکٹ 60کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔یہ پروجیکٹ ریاستی حکومت کا ڈریم پروجیکٹ رہا ہے۔3.5میٹر طویل اس اسکائی واک کیلئے 14سکلیٹر اور چار لیفٹ بنائے گے ہیں۔مندر انتظامیہ نے بتایا کہ اسکائی فلائی اووپر سنگیت سسٹم بھی لوڈ کیا گیا ہے۔