ترنگ میں پرچم لہرانے والے طلباکی عزت افزائی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 06-November-2018

دربھنگہ :(عبدالمتین قاسمی )انٹر یونیورسٹی ترنگ کے مختلف مقابلوں میں مقامی سی ایم کالج کے طلباء وطالبات نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے 8میڈل حاصل کئے۔ کالج انتظامیہ نے آج اپنے ان 3؍طلباء ترپتی شری، اچاریہ بھاسکر اور ہرمب شرماکو مختلف زمرے کے مقابلے میں شاندار کامیابی حاصل کرنے پر مومنٹو، قلم اور نقد500روپے دے کر عزت افزائی کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر مشتاق احمد( پرنسپل کالج) نے یہ بھی اعلان کیا کہ ان تینوں طلباء کی کالج فیس معاف کردی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کھیل وثقافت میں جو بھی طلباء یونیورسٹی سطح پر نمایاں کارکردگی کریں گے انہیں کالج کی جانب سے ٹیوشن فیس معاف کیا جائے گا۔واضح ہو کہ ترنگ 2018میں سی ایم کالج کے انگلش آنرس کی طالبہ ترپتی شری نے آن اسپاٹ پینٹنگ اور رنگولی میں دوسرا انعام حاصل کیا جب کہ اچاریہ بھاسکر نے کارٹون سازی میں اول ، پوسٹر سازی میں دوئم اور کولاز میں دوئم مقام حاصل کیا جب کہ ہریمب شرما نے انسٹالیشن گروپ میں تمغہ حاصل کیا ۔ اس طرح سی ایم کالج کو کل 8تمغے حاصل ہوئے ۔ ڈاکٹر احمد نے کہا کہ ان طلباء کے لئے کالج میں بھی تربیتی کیمپ کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ آئندہ اس طرح کے مقابلوں میں کالج کو نمایاں مقام حاصل ہو سکے ۔ اس موقع پر سی ایم کالج کے ایونٹ انچارج مسٹر امرت کمار جھا،پروفیسر نرائن جھا، پروفیسر چندر شیکھر مشرا، پروفیسر نتھونی یادو، پروفیسر امریندر کمار شرما، پروفیسر منجو رائے نے بھی ان طلباء کی حوصلہ افزائی کی اور مستقبل میں ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔واضح ہو کہ ہریمب شرما پی جی میتھلی کے طالب علم ہیں جب کہ اچاریہ بھاسکر بی بی اے کے طالب علم ہیں۔یہ تینوں طلباء انٹر کالج مقابلے میں بھی شاندار مظاہرہ کرچکے ہیں ۔