رام مندر معاملہ کانگریس نے الجھایا ، ہم حل کر رہے ہیں:شاہنواز

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 19-November-2018

اندور،(یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی کے ترجمان اور سابق مرکزی وزیر شاہنواز حسین نے آج کہاکہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر سے متعلق تنازع کو منسلک فریق کے درمیان بات چیت، عدالت کے حکم کو قبول کرکے یا قانون بناکرحل کیا جاسکتا ہے۔مسٹر حسین نے یہاں صحافیوں کے ساتھ گفتگو میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ یہ معاملہ کانگریس کی طرف سے الجھایا گیا ہے اور ہم لوگ اس مسئلہ کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس معاملے میں انتظار کرنا چاہئے۔ رام مندر سے متعلق سوالات پر، انہوں نے سنبھل کر جواب دیا۔رافیل معاہدے پر حزب اختلاف کے الزامات کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں، مسٹر حسین نے کہا کہ حزب اختلاف اس معاملے میں گمراہ کر رہے ہیں۔معاہدے میں شامل داسو نے بھی اپوزیشن کے الزامات کے بارے میں سچ کو اجاگر کرکے ایک طرح سے اس موضوع پر لگام لگادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلے میں عدالت میں جانے کے لئے حزب اختلاف آزاد ہے۔مرکزی تحقیقاتی بیورو (سی بی آئی) کے اعلی افسران سے متعلق تنازعہ کے بارے میں پوچھے جانے پر مسٹر حسین نے کہا کہ وہ اس سے آگاہ نہیں ہیں۔