رکن کونسل اور صحافی ڈاکٹر خالد انور کے اعزاز میں شاندار استقبالیہ جلسہ کا انعقاد

پٹنہ:معروف صحافی اور رکن کونسل ڈاکٹر خالد انور کو پیر کی شام اردوبھون میں عوامی اردو نفاذ کمیٹی ،بہار اور روز نامہ تاثیر کی طرف سے شاندار استقبالیہ دیا گیا ۔اس موقع پر خالد انور کو فخر ملت ایوارڈ سے بھی سرفراز کیا گیا ۔استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خالد انور نے کہا کہ میں عوام کی خدمت کے لیے ایک مشن کے تحت سیاست میں آیاہوں اس میں آپ سب کا تعاون درکار ہے ورنہ میں تنہا آپ کی حمایت کے بغیر کچھ نہیں کرسکتا ۔ہمیں متحد ہو کر اپنے بہتر مستقبل کیلئے کام کرنا ہوگا۔اپنا بھلا برا سونچنا ہوگااور یہ طے کرنا ہوگا کہ کس راستے پر چل کر ہم اپنی زندگی کو بہتر بنا سکتے ہیں ۔روز نامہ تاثیر کے چیف ایڈیٹر اور صدر جلسہ ڈاکٹر محمد گوہر نے کہا کہ ہر انسان کو تدبیر کرنی چاہیے اور اپنا کام پوری ایمانداری کےساتھ کرناچاہیے ،پھل کی فکر نہیں کرنی چاہیے اگر آپ خلوص اور ایمانداری کے ساتھ اپنا کام کرتےرہیں گے تو اس کا بہتر رزلٹ آپ کو ضرور ملے گا۔لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم منفی چیزوں کو نظرانداز کریں اور مثبت باتوں پر دھیان دیں ۔کچھ لوگ منفی سونچ رکھتے ہیں اس لیے صرف منفی باتوں پر دھیان دیتے ہیں ۔ڈاکٹر خالد انور نے سیاست میں جو مقام حاصل کیا ہے اس کے لیے ہم انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں اور انہیں ہم ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہیں ۔ہماری جو آبادی 18 فیصد ہے لیکن ہماری نمائندگی آٹے میں نمک کے برابر ہے ۔ہمیں ہر شعبے میں متناسب نمائندگی ملنی چاہیے۔اس کے لیے ہم سب کو ملکر کام کرنا ہوگا۔ جلسہ سے پروفیسر جاوید حیات ،اکبر رضا جمشید ،ڈاکٹر سید احسان تابش ،ڈاکٹر سید شہباز ،عبدالواحد رحمانی ،اویس عنبر،مناظر حسین سہیل ،حبیب مرشد خان،فخر الد عارفی سمیت کئی دیگرلوگوںنے بھی خطاب کیا ۔جلسے کی نظامت کے فرائض عوامی اردو نفاذ کمیٹی کے صدر اشرف استھانوی نے انجام دئے۔شکریہ کی تجویز پیش کرتے ہوئے معروف صحافی خورشید ہاشمی نے ڈاکٹر خالد انور کو پوری صحافتی برداری کی طرف سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔انہوں نے کہا کہ صحافی ہونے کےسبب خالد انور مسائل سے تو واقف ہی ہیں اب انہیں حل کرنے کا موقع انہیں ملا ہے ۔امید ہے کہ وہ صحافت کی طرح سیاست میں بھی کامیاب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نتیش کمار اکثر کہا کرتے ہیں کہ سیاست میں خدمت خلق کے جذبے سے آنا چاہیے ۔خدمت تو خالدانور پہلے بھی قلم کے ذریعہ کر رہے تھے اب عملی اقدام کا وقت ہے ۔انہوں نے کہا کہ جس طرح آپ صحافت میں خاموشی سے ملت و معاشرے کی خدمت کر رہے تھے اسی طرح سیاست میں بھی پورے خلوص اور شفافیت کے ساتھ کام کرتے رہیں ۔جب کام میں شفافیت ہوتی ہے تو آپ کواپنا کام بتانےاور لوگوں کوسمجھانے کی ضرورت نہیں ہوتی ہے۔آپ کا کام خود بولتا ہے اور پبلک کام کرنے والے کا ساتھ دیتی ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر سید احسان تابش کو بہار اردو ،پروفیسر ذکی ہاشمی کو وقار اردو اور شرف الدین عبدالرحمان تیمی ،صادق جمیل تیمی اور اے ایم اظہار الحق کو فروغ اردو ایوارڈ سے نوازا گیا۔ تقریب میں روز نامہ تاثیر کے سرپرست اعلیٰ محمد نظام الدین اور اپنے نعتیہ کلام سے چار چاند لگانے والے بہار کے مشہور شاعر شنکر کیموری اور کی بھی عزت افزائی کی گئی۔