سرتاج سنگھ بی جے پی چھوڑ کر کانگریس میں شامل

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 09-November-2018

ہوشنگ آباد،(یو این آئی) مدھیہ پردیش کے ہوشنگ آباد ضلع کے سیونی مالاوا سے ٹکٹ چاہنے والے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر اور ممبر اسمبلی سرتاج سنگھ نے آج یہاں کانگریس میں شامل ہونے کااعلان کردیا۔سابق مرکزی وزیر مسٹر سنگھ نے یہاں میڈیا کے سامنے کانگریس میں شامل ہونے کے ساتھ ہی پارٹی کے ٹکٹ پر ہوشنگ آباد سے اسمبلی انتخاب لڑنے کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے کہاکہ وہ کل ہوشنگ آباد اسمبلی سیٹ کےلئے کانگریس کی جانب سے نامزدگی کے کاغذات داخل کریں گے۔سینئر بی جے پی لیڈر مسٹر سرتاج سنگھ ہوشنگ آباد ضلع کے سیونی مالوہ سے ممبر اسمبلی ہیں۔ وہ موجودہ شیوراج سنگھ چوہان حکومت میں پی ڈبلیو ڈی وزیر تھے۔ تقریبا دو برس قبل انہیں وزیر کے عہدے سے ہٹادیا گیا تھا۔ وہ سیونی مالوہ اسمبلی حلقہ سے بی جے پیکے ٹکٹ سے دوبارہ انتخاب لڑنا چاہتے تھے لیکن پارٹی انہیں انتخاب لڑانے کے لئے راضی نہیں تھی۔اس مسئلے پر مسٹر سرتاج سنگھ اور سینئر پارٹی لیڈروںکے درمیان کئی دور کی بات چیت بھی ہوئی لیکن وہ انتخابات میں حصہ لینے پر مصر رہے۔ آج بی جے پی امیدواروں کی تیسری فہرست میں بھی مسٹر سنگھ کا نام شامل نہیں تھا۔ دن بھر ہوشنگ آباد ضلع میں سیاسی سرگرمیوں کے درمیان مسٹر سنگھ دوپہر بعد ہوشنگ آباد آئے اور انہوں نے بی جے پی چھوڑ کر کانگریس میں شامل ہونے کا اعلان کردیا۔اس سے پہلے مسٹر سنگھ نے سیونی مالوہ میں اپنے حامیوں کے ساتھ بات چیت بھی کی۔