شام: داعش مخالف اتحاد کے فضائی حملوں میں 43 شہری ہلاک

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 19-November-2018

دیر الزور،(پی ایس آئی) شام کے مشرقی علاقے میں امریکا کی قیادت میں داعش مخالف اتحاد کے فضائی حملوں میں 43 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے ہفتے کے روز اطلاع دی ہے کہ مہلوکین میں زیادہ تر عام شہری ہیں۔اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے شام کے مشرقی صوبے دیر الزور میں واقع ایک گاؤں ابو حسن پر بمباری کی ہے جس سے داعشی ارکان کے خاندانوں کے چھتیس افراد مارے گئے ہیں اور ان میں سترہ بچے تھے۔رصدگاہ کے مطابق باقی سات مقتولین کی شناخت نہیں کی گئی ہے کہ آیا وہ داعش کے ارکان تھے یا عام شہری تھے۔امریکی اتحاد کی حمایت یافتہ کرد اور عرب جنگجوؤں پر مشتمل شامی جمہوری فورسز ( ایس ڈی ایف) ابو حسن اور اس کے نواحی علاقوں سے داعش کے بچے کھچے جنگجوؤں کو نکال باہر کرنے کے لیے جنگ آزما ہیں۔شامی رصدگاہ کے سربراہ رامی عبدالرحمان کا کہنا ہے کہ ستمبر میں ایس ڈی ایف کے داعش کے خلاف آپریشن کے آغاز کے بعد سے اتحادیوں کے فضائی حملوں میں ایک دن میں یہ سب سے زیادہ نقصان ہے۔تاہم امریکی اتحاد کا کہنا ہے کہ وہ شہریوں کی ہلاکتوں سے بچنے کی ہر ممکن کوشش کررہا ہے اور اس کے ترجمان شان ریان نے اسی ہفتے ایک بیان میں کہا تھا کہ شہریوں کی ہلاکتوں سے بچاؤ کے لیے جائز فوجی اہداف کو ٹھیک ٹھیک ہتھیاروں سے نشانہ بنایا جاتا ہے۔