شولاپور۔ جلگائوں ریل لائن کا آدھاخرچ برداشت کریںگے:فرنویس

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 15-November-2018

اورنگ آباد: (یو این آئی) شولاپور۔ بیڑ۔ جالنہ۔جلگاوں مجوزہ نئی ریلوے لائن کے لیے اخراجات کا 50 فیصد حصہ حکومت مہاراشٹر ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ یہ یقین دہانی وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے کرائی ہے۔ اس نئی ریلوے لائن بچھانے کے لئے مجاہدین آزادی کی جانب سے قائم کردہ ریلوے اندولن سمیتی نے بیڑ میں وزیر اعلیٰ کو ایک میمورنڈم دیا ۔وزیر اعلی نے اس نئی ریلوے لائن میں اپنی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنے حصے کے 50 فی صد اخراجات برداشت کرنے کیلئے تیار ہے۔واضح رہے کہ ریلوے بورڈ کے لیے نفع بخش اور علاقہ مراٹھواڑہ اور دیگر 9 اضلاع کی صنعتی اور تجارتی ترقی کے لیے فائدہ مند اس نئی ریلوے لائن کا مطالبہ گزشتہ کئی برسوں سے اس علاقہ کے عوام کی جانب سے کیا جا رہا ہے، اور محکمہ ریلوے کی جانب سے اب تک تین بار اس کا سروے مکمل کیا جا چکا ہے۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کی بیڑ آمد کے موقع پر ریلوے اندولن سمیتی کے ایک نمائندہ وفد نے ان سے ملاقات کی اور اس نئی ریلوے لائن کی افادیت اور ضرورت سے انھیں واقف کرایا۔ اس سلسلے میں سمیتی کے قائد اور سینئر صحافی نامدیو راو شرساگر نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ نے وفد کی باتیں توجہ سے سنی اور کافی مثبت رویہ کا اظہار کرتے ہوئے یہ یقین دلایاکہ حکومت مہاراشٹر 50 فی صد اخراجات ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ نامدیو راو شرساگر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی یقین دہانی کے بعد اس نئی ریلوے لائن کی منظوری کی راہیں ہموار ہو گئی ہیں۔اس موقع پر بیڑ کی رکن پارلیمنٹ پریتم منڈے کہا کہ وہ جلد ہی مرکزی ریلوے وزیر پیوش گوئل سے ملاقات کر کے اس نئی ریلوے لائن کی منظوری کے لیے کوشش کریں گی۔