لندن میں پرتشدد جرائم سے نمٹنے کیلئے طویل عرصہ درکار ہوگا، صادق خان

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 09-November-2018

لندن، لندن کے میئر صادق خان نے کہاہے کہ لندن میں پرتشدد جرائم کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے کئی نسلیں لگ جائیں گی کیونکہ اب پرائمری سکول کے بچے بھی چاقو رکھنے لگے ہیں، گزشتہ5 دن کے دوران 2کم عمر نوجوان اور 2افراد کو چاقو مار کرقتل کر دیا گیا جن میں ایک15 سالہ لڑکا جے ہفس بھی شامل ہے، بی بی سی سے باتیں کرتے ہوئے میئرصادق خان نے کہا کہ اس صورت حال پر کنٹرول کرنے میں کم وبیش 10سال لگ سکتے ہیں۔ وزیر داخلہ وکٹوریہ ایٹکنز نے کہا کہ پرتشدد جرائم کو روکنا صرف پولیس کاکام نہیں ہے۔رواں سال لندن میں قتل کے 110 سے زیادہ واقعات کی تفتیش شروع کی گئی، ستمبر میں گلاسگو کو سامنے رکھ کر جہاں تشدد کو صحت کا مسئلہ اور وبائی مرض قرار دے دیا گیا تھا تشدد کی روک تھام کا ایک یونٹ قائم کیاگیاتھا۔سٹی ہال کے اعدادوشمار کے مطابق لندن میں پولیس کی دستیابی گزشتہ20 سال کے مقابلے میں کم ترین شرح پر ہے اور اب لندن کے ایک ہزار باشندوں کے تحفظ کیلئے صرف 3.3 پولیس افسران کی خدمات دستیاب ہیں،یہ شرح 1998 کے بعد سب سے کم ہے اور 2010 کے مقابلے میں 19 فیصد کم ہے۔ میئر لندن صادق خان کا کہنا ہے کہ مقامی لیڈروں کو حکومت کو پولیس کیلئے مزید رقم دینے پر مجبور کرنے کیلئے لابنگ کرنی چاہئے۔