مدارس کے اساتذہ کے ساتھ حکومت کا سوتیلا رویہ ناقابل برداشت:قرۃ العین

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 16-November-2018

کیسریا؍موتیہاری،(عاقب چشتی)مدرسہ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن مشرقی چمپارن کے زیر اہتمام ضلع کے تمام 2459+1 زمرہ کے مدارس میں معاہدہ پر بحال اساتذہ نے پرامن طریقے سے ایک روزہ احتجاج و مظاہرہ کیا۔مدرسہ انجمن اسلامیہ موتی ہاری سے احتجاجی جلوس نکلا اور صدر ہاسپیٹل بلوا چوک ہوتے ہوئے کلکٹریٹ پہنچا۔اساتذہ نے اپنے ہاتھوں میں مختلف نعروں سے سجی تختیاں اور اپنی مانگوں کے کتبے اور بینر لیے احتجاجی نعرہ لگاتے کلکٹریٹ پہنچے اور جلوس وہاں سبھا میں تبدیل ہو گیا۔آرگنائزیشن کے صدر محمد قرۃ العین اور سکریٹری مولانا نثار احمد،مولانا مشتاق احمد برہانی کی قیادت میں ضلع کلکٹر کو اپنا میمورنڈم سونپا اور اپنی مانگ بھی رکھی۔احتجاجی جلوس سے خطاب کرتے ہوئے آرگنائزیشن کے صدر محمد قرۃ العین نے کہا کہ ہر سطح پر مدارس اسلامیہ کے ساتھ حکومت سوتیلا رویہ اختیار کرتی ہے مدارس کے اساتذہ بھوک مری کے شکار ہیں اور وقت پر تنخواہ نہیں مل پارہی ہے۔ جبکہ مکتوب نمبر 162 مورخہ 15.02.2011 اور مکتوب نمبر 1010 مورخہ 16.09.2013 کے مطابق ہی مدارس کے معاہدہ اساتذہ کو اسکول کے کنٹریکٹ ٹیچر کے مساوی تنخواہ دی جانی تھی مگر حکومت نے 01.07.2015 سے اسکول اساتذہ کا پے اسکیل نافذ کردیا اور مدارس اساتذہ کو محروم کردیا گیا جو یقینا لائق مذمت معاملہ ہے آرگنائزیشن لگاتار اس سمت میں جدوجہد کرتا رہا لیکن اب تک اس سمت میں کوئی معتبر پیش قدمی نہیں ہوئی۔جبکہ آرگنائزیشن کے سکریٹری مولانا نثار احمد نے کہا کہ اس معاملہ کو لیکر آرگنائزیشن نے 01.03.2017 کو پٹنہ میں احتجاج و مظاہرہ کیا تھا اور اس وقت کہ وزیر تعلیم اشوک چودھری کے تحریری معاہدہ پر ہم نے اپنا احتجاج ختم کیا تھا اور اپریل کے اوائل میں ہی ہمارے مسائل کے حل کا عہد و پیمان کیا تھا لیکن بیس ماہ گزرنے کے بعد بھی اس سمت میں کوئی مستحکم اقدام نہیں کیا گیا۔جب کہ مولانا محبوب عالم رضوی نے کہا کہ حکومت بہار اساتذہ کے مسائل پر سنجیدگی سے غور و خوض کرے۔مسائل کے حل سے حکومت بے رخی اختیار نہ کرے۔ تمام ملحقہ مدارس کو اقلیتی ادارہ کا درجہ دے اور مساوی کام کے بدلے مساوی تنخواہ نافذ کرے اور جلد از جلد ہماری مانگ پوری کرے ورنہ 24.11.2018 سے پوری ریاست کے تمام مدارس کے معاہدہ پر بحال اساتذہ غیر معینہ ہڑتال و اسٹرائک کرینگے۔اساتذہ کی مانگ۔مساوی کام مساوی تنخواہ۔ساتواں پے اسکیل نافذ کیا جائے۔ملحقہ مدارس کو اقلیتی ادارہ کا درجہ دیا جائے۔اسکول اساتذہ کی طرح مدارس اساتذہ کو مکمل سہولتیں دستیاب کرائی جائے۔اس موقع سے مولانا مشتاق احمد برہانی،مولانا لطیف الرحمن مصباحی،مولانا منظور عالم،مولانا جمیل اختر،ماسٹر انور عالم،مولانا منور حسین سمیت سینکڑوں اساتذہ نے شرکت کی۔