مدرسہ احمدیہ سلفیہ، آرہ میں جنرل سکریٹری اوراراکینِ عاملہ کا انتخاب

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 05-November-2018

آراہ(عامر افضل خان )مدرسہ احمدیہ سلفیہ، ملکی محلہ، آرہ، ضلع: بھوجپور، بہار کے اراکین مجلس عاملہ اور اراکین مجلسِ شوریٰ کی ایک میٹنگ مورخہ: ۴/نومبر ۲۰۱۸ء بروز اتوار مدرسہ کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت ماسٹر عبدالسبحان صاحب بانپالی نے کی۔ قرآن مجید کی تلاوت کے بعد ایمان اور عمل صالح کی ضرورت اور اس کے فوائد پر روشنی ڈالی گئی، پھر مدرسہ کے سکریٹری محمد ضیاء الحسن آروی رحمہ اللہ کی حیات و خدمات بیان کی گئی۔ایجنڈا کے مطابق لوگوں کے سامنے باتیں پیش کرتے ہوئے جناب انور علی آروی صاحب جو مدرسہ ھٰذا میں ۲۰۱۱ء سے سکریٹری رحمہ اللہ کے علیل ہونے کے بعد سے ان کی مکمل ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے۔ اراکین نے متفقہ طور پر جناب انور علی آروی صاحب کو مدرسہ کا جنرل سکریٹری منتخب فرمایا۔اورقوم وملت، یتیم و نادار کی کفالت و ذمہ داری جیسا بارگراں موصوف کے کندھے پرڈالا گیا۔ اراکین و ذمہ داران مدرسہ نے مجلس عاملہ میں اراکین کی مزید ضرورت کے پیش نظر جناب محبوب الحسن آروی صاحب/ملکی محلہ، آرہ کو مدرسہ کا مساعد ناظم اور خازن منتخب فرمایا۔ نیزجناب مولانا محمد انور حسین سلفی صاحب/ اسراہا، دربھنگہ، جناب عادل اختر بن اے آئی اختر/ قاضی ٹولہ، آرہ، جناب عادل رشید بن جمیل احمد/قاضی ٹولہ، آرہ، جناب ارشاد خان بن اسلم خان/قاضی ٹولہ، آرہ کو بحیثیت رکن مجلس عاملہ منتخب کیا گیا۔ مذکورہ انتخاب کی تمام اراکین مجلس نے پُرزورتوثیق و تصدیق کرتے ہوئے موافقت فرمائی۔ اخیر میں سکریٹری مدرسہ جناب انور علی آروی صاحب نے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے فرمایاکہ : ’’آپ اراکین مدرسہ نے ناچیز پر یہ بار گراں ڈالا ہے، اللہ تعالیٰ اس ذمہ داری کو کما حقہ ادا کرنے کی توفیق عنایت فرمائے۔اور مدرسہ کوآپ کے لئے اور آپ کے آباء و اجداد کے لیے صدقۂ جاریہ بنائے ۔مزید اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آپ سبھی حضرات میرے شانہ بشانہ چلیں اور ادارہ کی ترقی میں میرا تعاون فرمائیں۔ میں آپ سب کا ممنون و مشکور ہوں گا۔اللہ تعالیٰ ہم سب کا معاون و مددگار ہے۔ میٹنگ کے اخیر میں جناب سکریٹری صاحب نے ان تمام حضرات کے لیے دعائیں فرمائیں جنہوں نے اس مدرسہ کے لئے اپنی قربانیاں پیش کی ہیں۔ پھر دعائیہ کلمات پر مجلس کا اختتام ہوا‘‘۔