منجو ورما کی گرفتاری نہ ہونے پر بہار کے ڈی جی پی کو سمن

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 14-November-2018

نئی دہلی،(یو این آئی) اپنے گھر سے ہتھیاروں کی برآمدگی کے معاملے میں بہار حکومت کی سابق وزیر منجو ورما کی گرفتاری اب تک نہ ہونے سے انتہائی ناراض سپریم کورٹ نے ریاست کے پولس ڈائریکٹر جنرل کو ذاتی طور پر پیش ہونے کی ہدایت دی ہے۔جسٹس مدن بی لوکور کی صدارت والی بنچ نے پیر کو اس معاملے کی سماعت کے دوران بہار پولیس کو اس نا اہلی کے لئے سخت پھٹکار لگائی۔ بنچ نے آئندہ سماعت کے لئے 27 نومبر کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے ڈی جی پی کو ذاتی طور پر عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت بھی دی۔ سپریم کورٹ کا یہ حکم بہار کی سابق وزیر منجو ورما کے گھر سے ہتھیاروں کی برآمدگی کے بعد اب تک ان کی گرفتاری نہیں ہونے سے ناراض ہونے پر آیا ہے۔ سپریم کورٹ نے تنقیدی لہجے میں کہا کہ ہم بہت حیران ہیں کہ پولس ایک سابق کابینہ وزیر کا مہینے بھر میں سراغ تک نہیں لگا پائی ہے۔ پولس یہ بتائے کہ آخر اتنی اہم پروفائل والے شخص کے بارے میں اب تک پتہ لگانے میں وہ کامیاب کیوں نہیں ہو پائی۔ اس کی مکمل معلومات ڈی جی پی خود عدالت میں آکر دیں”۔ بہار کے سرخیوں میں چھائے مظفر پور چائلڈ شیلٹر ہوم میں جنسی استحصال کے کلیدی ملزم برجیش ٹھاکر کو ریاست کی سماجی بہبود کی سابق وزیر منجو ورما کا قریبی سمجھا جاتا ہے۔ اسی معاملے محترمہ منجو ورما کو نتیش کابینہ سے استعفی دینا پڑا۔ عدالت نے 31 اکتوبر کو اس معاملے کی گزشتہ سماعت کے دوران بھی بہار پولیس کو پھٹکار لگائی تھی۔ عدالت نے بہار پولیس سے پوچھا تھا کہ گھر سے ہتھیار برآمد ہونے سے متعلق کیس میں سابق وزیر منجو ورما کو گرفتار کیوں نہیں کیا گیا ہے۔