نوجوان جھارکھنڈ کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں:رگھوور

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 12-November-2018

رانچی (معیز الدین خان) : وزیراعلیٰ رگھوور داس نے کہا ہے کہ نوجوان ریاست کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔ اس کی بے پناہ طاقت کی بدولت ریاستی حکومت جھارکھنڈ کے عوام کے چہرے پر خوشی لائے گی۔ کیونکہ دنیا میں جتنے بھی انقلابات ہوئے سبھوں میں یوتھ شکتی کا اہم کردار رہا ہے۔ نوجوان خاص کر آدی واسی قبائلی نوجوان اپنی طاقت اور جوش کا استعمال غریبوں کی فلاح کیلئے کریں، یہی آپ کا مقصد ہونا چاہئے۔ وزیراعلیٰ آج رانچی میں یونیورسٹی احاطہ میں واقع آریہ بھٹ ہالمیں منعقد ایک جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان انگڑائی لیں ترقی کی، آدی واسی قبائل اور غریب فلاح کی، ہمیں ان کی فلاح کیلئے لمبی چھلانگ لگانی ہے، تاکہ آئین نے جو مساوات کا حق دیا ہے وہ ہم انہیں دلاسکیں۔ آپ ایک قدم بڑھائیں ،حکومت 4 قدم بڑھائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سنتھال میں غریبی ہے ، لوگ برسوں  سے بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ ان کی یہ حالت مجھے پریشان کرتی ہے۔ ریاستی حکومت گذشتہ چار برسوں سے انہیں بنیادی سہولیات مہیا کرانے میں جٹی ہے۔ بجلی گھر گھر پہنچائی جارہی ہے ۔ اب سنتھال میں یوتھ گروپ اپنے گائوں کی ترقی کی ذمہ داری لے، اپنی زندگی جیتے ہوئے گائوں میں تبدیلی لائے، حکومت آپ کے ساتھ ہے۔ کیسے بدلائو آئے اس پر غور کریں۔ سنتھال کی لڑکیاں بھی کام کی تلاش میں دوسری ریاستوں کا رخ کرتی ہے، اسے ہمیں مل کر روکنا ہے۔ اپنے گائوں کے غریبوں کی شناخت کریں اور ان کی ترقی کی فکر کریں۔ آپ نوجوان ہی سنتھال کی ترقی کا ذریعہ بنیں۔مجھے یقین ہے اگر آپ ایسا کریںگے تو سنتھال اور پورا جھارکھنڈ ترقی یافتہ بنے گا۔