نوٹ بندی کے ذریعہ ملک کو لوٹا گیاتھا: ممتا

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 09-November-2018

کلکتہ(یو این آئی)نوٹ بندی کے دوسری سالگرہ پر مرکزی حکومت کی سخت تنقید کرتے ہوئے وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے الزام عاید کیا کہ نریندری مودی کی قیادت میں نوٹ بندی گھوٹالہ کے ذریعہ ملک کو لوٹا گیا ہے۔8نومبر کو یوم سیاہ قرار دیتے ہوئے وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے ٹوئیٹ کیا کہ “نوٹ بندی ایک بڑا گھوٹالہ تھا اور اس کے ذریعہ ملک کو لوٹا گیا ہے۔ملک کی معیشت تباہ ہوئی ہے اورلاکھوں افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔عوام کو اس گناہ کی سزاد ی گئی جسے اس نے انجام ہی نہیں دیا۔”وزیرا علیٰ نے کہا کہ نوٹ بندی کی آج دوسری سالگرہ ہے اور یہ کوئی آفت سے کم نہیں ہے۔جس وقت نوٹ بندی کا اعلان کیا گیا تھا اسی وقت میں نے کہا تھا کہ یہ ملک کی معیشت اور عام آدمی کو مشکلات میں ڈال دے گا۔اب لوگ ہماری باتوں پر اتفاق کرنے لگے ہیں۔8نومبر 2016کو وزیر اعظم نریندر مودی نے 500اور ایک ہزار کے نوٹوں کو اچانک بند کرنے کا اعلان کردیا۔اچانک اعلان سے ہر ایک شخص ششدر رہ گیا ہے۔اگلے دودنوں تک ملک بھر میں نوٹوں کی شدید قلت ہوگئی۔حالات کو معمول پر آنے میں کئی مہینے لگ گئے۔دوسری جانب دوسری سالگرہ پر مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے نوٹ بندی کی تعریف کرتے ہوئے لکھا ہے کہ نوٹ بندی ملک کی معیشت کو پٹری پر لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور اس قدم کے ذریعہ کالے دھن کو نشانہ بنایا گیا۔دوسری جانب کانگریس نے جمعہ کو ملک بھر میں احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔کانگریس کے لیڈران اور ورکر نوٹ بندی کی دوسری سالگرہ پر احتجاج کریں گے۔کانگریس ترجمان منیش تیوار ی نے کہا کہ یہ کوئی تغلقی فرمان سے کم نہیں تھا۔