پاکستان نے نیوزی لینڈ کو آخری میچ میں 47 رنز سے شکست دی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 06-November-2018

دبئی ، (یو این آئی ) پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 3 ٹی 20 میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں 47 رنز سے شکست دے کر فتح اپنے نام کرلی۔سیریز میں وائٹ واش فتح کے ساتھ پاکستان نے مسلسل 11 ویں سیریز اور لگاتار 9 ویں میچ میں کامیابی اپنے نام کرلی۔پاکستان نے کیویز کو میچ میں فتح کےلئے 167 رنز کا ہدف دیا تھا۔اس کے جواب میں مہمان ٹیم کے کپتان کین ولیمسن کے برق رفتار 60 رنز کے باوجود ہدف کے تعاقب میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 119 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔تیسرے ٹی 20 میں بابر اعظم مین آف دی میچ جبکہ محمد حفیظ مین آف دی سیریز قرار پائے۔دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سرفراز احمد ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور بابر اعظم نے کیا ۔پاکستان کی پہلی وکٹ 29 کے اسکور پر گری جب فخر زمان 11 رنز بناکر لوکی فرگوسن کا شکار بن گئے۔دوسری وکٹ پر بابر اعظم اور محمد حفیظ نے کئی دلکش اسٹروکس کھیلے اور بابر اعظم نے اس دوران اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی 8ویں نصف سنچری مکمل کرنے کےساتھ تیز ترین ہزار ٹی ٹوئنٹی رنز کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا ۔وہ حفیظ کے ساتھ 94رنز کی شراکت قائم کرنے کے بعد کولن ڈی گر ینڈ ہوم کی گیند پر 79رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، شعیب ملک 9گیندوں پر19رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر گرینڈ ہوم کی دوسری وکٹ بنے ۔محمد حفیظ نے اپنی 10ویں ٹی ٹوئنٹی نصف سنچری مکمل کی اور آصف علی کے ساتھ ملکر20اوورز میں پاکستان کا سکور 166رنز تک پہنچایا ۔نیوزی لینڈ کیلئےگلین فلپس اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا ۔منرو محض2رنز بنانے کے بعد فہیم اشرف کی گیند پر بڑا شاٹ لگانے کی کوشش میں بولڈ ہوگئے ۔نمبر تین پر بیٹنگ کیلئےآنےوالے کولن ڈی گر ینڈ ہوم بھی ناکام رہے اوروہ6رنز بنا کر عثمان شنواری کی تھرو پر رن آؤٹ ہوگئے ، کیوی کپتان کین ولیمسن نے گلین فلپس کےساتھ تیسری وکٹ کیلئے 83رنز کا اضافہ کیا اور اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی 9ویں نصف سنچری مکمل کی جس کے بعد وہ شاداب خان کی گیند پر چھکا لگانےکی کوشش میں باؤنڈری پر بابر اعظم کے ہاتھوں پکڑے گئے ۔دو گیندوں بعد شاداب نے گلین فلپس کو بھی 26کے انفرادی ا سکور پر بولڈ کردیا ۔مار ک چیپ مین محض2رنز بنا کر عمادوسیم کی گیند پر سرفراز کے ہاتھوں اسٹمپ آؤٹ ہوگئے ۔اگلی ہی گیند پر ٹم سائیفرٹ بغیر کوئی رن بنائے بولڈ ہوگئے ۔ٹم ساؤتھی بھی بغیر کوئی رنز بنائے فہیم اشرف کی عمد ہ تھرو پر رن آؤٹ ہوگئے ۔شاداب خان نے راس ٹیلر کو7رنز پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا کر اپنی تیسری وکٹ حاصل کی ۔وقاص مقصود نے لوکی فرگوسن کو آؤٹ کرکے اپنی پہلی ٹی ٹوئنٹی وکٹ حاصل کی اور پھر سیتھ رینس کو آؤٹ کرکے پاکستان کو جیت دلائی۔