کنگز الیون پنجاب سے الگ ہوئے سہواگ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 05-November-2018

نئی دہلی،(یو این آئی ) نیوزی لینڈ کے سابق کوچ مائیک ہیسن کو آئی پی ایل ٹیم کنگز الیون پنجاب کا ہیڈ کوچ مقرر کئے جانے کے کچھ دن بعد ہی ٹیم کے مینٹڑ اور کرکٹ آپریشنز چیف وریندر سہواگ نے پنجاب ٹیم سے اپنا ناطہ توڑ لیا ہے۔سابق ہندستانی بلے باز اور اوپنر سہواگ نے ٹوئٹر پر اپنے اس فیصلے کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے خود کو کنگز الیون پنجاب سے الگ کر لیا۔ وہ دو سال اس ٹیم کے ساتھ کھلاڑی کے طور پر کھیلے اور تین سال وہ ٹیم کے مینٹڑ رہے۔ون ڈے کیریئر میں آٹھ ہزار سے زیادہ رن بنانے والے سابق ہندوستانی اوپنر سہواگ نے ٹوئٹر پر اپنے اس فیصلے کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے لکھاکہ تمام اچھی باتوں کا کوئی آخر ہوتا ہے۔ میں نے پنجاب کی ٹیم کے ساتھ اچھا وقت گزارا۔ میں نے دو سیزن ٹیم کے ساتھ کھیلا اور تین سیزن تک ٹیم کا مینٹڑ رہا۔ میرا کنگز الیون پنجاب کے ساتھ ناطہ اب ختم ہو رہا ہے اور میں سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ میں نے اچھا وقت ٹیم کے ساتھ گزارا۔ ٹیم کو مستقبل کے لئے بہت مبارک باد ۔سہواگ پنجاب ٹیم کے ساتھ بطور کھلاڑی سال 2014 میں جڑے تھے۔ ٹیم کے ساتھ دو سیزن کھیلنے کے بعد وہ 2016 میں ٹیم کے مینٹڑ بنے اور اس عہدے پر وہ تین سال تک رہے۔ 40 سالہ سہواگ آئی پی ایل میں دہلی ڈئیر ڈیولس اور کنگز الیون پنجاب کے لئے کھیلے ہیں۔ انہوں نے آئی پی ایل میں 104 میچوں میں 27.55 کی اوسط سے 2728 رنز بنائے جس میں دو سنچریاں اور 16 نصف سنچریاں شامل ہیں۔سہواگ کے مینٹڑ رہتے پنجاب کی ٹیم 2017 میں پانچویں اور 2018 میں ساتویں نمبر پر رہی۔ سہواگ کی مدت میں پنجاب کی ٹیم نے 17 میچ جیتے اور 23 ہارے۔ ان کے دور میں پنجاب کی ٹیم 2017 میں پلے آف میں پہنچنے سے چوک گئی تھی۔ کنگز الیون پنجاب نے ایک بار بھی آئی پی ایل ٹرافی نہیں جیتی ہے۔پنجاب فرنچائزی نے آسٹریلیا کے بریڈ ہوج کی جگہ نیوزی لینڈ کے سابق کوچ مائیک ہیسن کو اپنا ہیڈ کوچ مقرر کیا تھا جس کے کچھ دن بعد سہواگ نے یہ فیصلہ کیا۔سہواگ کا ہٹ جانا پنجاب ٹیم کے لئے بھی ایک طرح سے اچھا ہے کیونکہ اب ہیسن کو اپنے فیصلے لینے میں آسانی رہے گی اور کسی طرح کا کوئی ٹکراؤ نہیں ہو گا۔