گہلوت اور سچن دونوں اسمبلی الیکشن لڑیں گے

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 15-November-2018

نئی دہلی، (یو این آئی) راجستھان میں کانگریس کے دو اہم لیڈروں سابق وزیراعلی اشوک گہلوت اور ریاستی صدر سچن پائلٹ نے تمام قیاس آرائیوں کو ختم کرتے ہوئے اسمبلی الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔کانگریس کے جنرل سکریٹری مسٹر گہلوت اور مسٹر پائلٹ نے بدھ کو یہاں کانگریس ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہاکہ وہ دونوں راجستھان اسمبلی کا الیکشن لڑیں گے۔ مسٹر گہلوت نے کہاکہ میں اور سچن پا ئلٹ دونوں الیکش لڑیں گے۔مسٹر پا ئلٹ نے کہاکہ کانگریس کے صدر راہل گاندھی کی ہدایت اور مسٹرگہلوت کی درخواست پر انہوں نے اسمبلی الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاستی یونٹ میں لیڈروں کے درمیان اتحاد نہ ہونے کی قیاس آرائیوں کو خارج کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس سے کانگریس میں پھوٹ والی باتیں ختم ہوجائیں گی۔ ہم سب متحد ہوکر آئندہ الیکشن میں کانگریس کو زبردست کامیابی دلائیں گے۔مسٹر گہلوت نے کہاکہ راجستھان کانگریس میں اندرونی لڑائی کی رپورٹ بے بنیاد ہے اور بی جے پی کے ذریعہ پھیلائی جارہی ہے۔ ہم متحد ہوکر اسمبلی انتخابات لڑرہے ہیں۔ذرائع کے مطابق مسٹر گہلوت کے جودھپور کی سردار پورا اسمبلی سیٹ سے لڑنے کی امید ہے جبکہ مسٹر پائلٹ کی سیٹ کے بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔کانگریس نے ریاستی یونٹ میں پھوٹ کے اندیشہ کے پیش نظر وزیراعلی کے امیدوار کا اعلان نہیں کیا ہے جبکہ بی جے پی وزیراعلی وسندھرا راجے کی قیادت میں الیکشن لڑ رہی ہے۔