ریاست

ایفمی کی بین الاقوامی تعلیمی کانفرنس 22 اور 23 دسمبر کو پٹنہ میں

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 07-November-2018

پٹنہ، (اسٹاف رپورٹر) امریکن فیڈریشن آف مسلم آف انڈین اوریجن ایفمی کی 27 ویں انٹرنیشنل کانفرنس بہار کی راجدھانی پٹنہ کے شری کرشن میموریل ہال میں آئندہ 22 اور 23 دسمبر کو ہوگی۔ جس میں انگلینڈ، اسٹریلیا اور کناڈا کے دو سو غیر مقیم ہندوستانی ، بھارت میں تعلیم کے فروغ اور ہندوستانیوں میں تعلیم بیداری کے موضوع پر غور وخوض کریں گے اور بہار سمیت پورے ملک کے 150 بورڈ ٹاپرس کو انعامات سے نوازیں گے۔ پٹنہ میں اس کانفرنس کا اہتمام فورم فار لیٹریسی اویرنیس اینڈ مسلم ایجوکیشن فلیم کریگا۔ کانفرنس کے ایک دن قبل 21 دسمبر کو فلیم کی طرف سے مسلم نوجوانوں کی اختیارکاری اور ان میں تعلیم کے فروغ کے موضوع پر ایک ورکشاپ کاانعقادہوٹل موریہ میں کیاجائے گا۔ فلیم اور حکومت بہار کا محکمہ اقلیتی فلاح مشترکہ طور پر اس ورکشاپ کاانعقاد یونیسیف اور یو این پی اے کے تعاون سے کریگا۔ یہ اطلاع گذشتہ رات پٹنہ کے ہوٹل موریہ میں منعقد ایک پریس کانفرنس میں بہار کے معروف سرجن ڈاکٹر احمد عبدالحئی نے کی۔ وہ ایفمی اور فلیم دونوں سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ورکشاپ میں مختلف اداروں کے نمائندہ مسلم طلباء میں تعلیم کی صورتحال اورانہیں ترقی کی مین اسٹریم میںشامل کرنے کی صورتوں پر اپنے خیالات کااظہارکریں گے۔ورکشاپ کے افتتاح کے لئے گورنر بہار ڈاکٹر لال جی ٹنڈن سے گذارش کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس دن مختلف ٹیکنیکل سیشن کا بھی انعقاد کیاجائے گا۔ ملک کی تعمیر میں مسلم نوجوان تعلیم کے توسط سے کس طرح تعاون کرسکتے ہیں اس موضوع پر پونے کے پی اے انعامدار اپنے خیالات پیش کریں گے۔ جبکہ فوج اور الائڈ سروسیز اور مسلم نوجوانوں کو درپیش چیلنجیز کے موضوع پر سبکدوش آئی اے ایس افضل امان اللہ، صحت و صفائی اور مسلم خواتین کے موضوع پر میگسیسے سے ایوارڈ یافتہ انشل گپتا مسلم خواتین اور کارپوریٹ ورلڈ کے موضوع پر کوکوکولا کے ساؤتھ ایشیاء وائس پریسیڈنٹ اشتیاق احمد ماس میڈیا کے شعبہ میں مسلم خواتین کے کردار اور امیج بلڈنگ کے موضوع پر جامعہ حمدرد کے ایس ایم خان سمیت کئی دانشور اپنے خیالات کااظہار کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ورکشاپ کے دوران سیوان کی شیتیکا سنگھ، سابق آئی اے ایس جے سنہا، انشل گپتا سمیت 6 لوگوں کی عزت افزائی کی جائے گی۔ ڈاکٹر احمد عبدالحئی نے کہا کہ اس دو روزہ کانفرنس کاافتتاح وزیراعلیٰ نتیش کمار کریں گے۔ جو کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس میں بھی کئی سیشن مختلف موضوعات پر ہونگے۔ اسی کانفرنس کے دوران بہار سمیت پورے ملک کےبورڈ امتحان میںپہلے تین مقامات حاصل کرنے والے 150 طلباء وطالبات کی عزت افزائی کی جائے گی۔ اس سے قبل ایفمی کی پانچویں کانفرنس پٹنہ میں ہوئی تھی۔ جس میں اس وقت کے وزیر اعظم ایچ ڈی ڈیو گوڑا شریک ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کی کانفرنس میں پانچ ہزار ڈیلیگیٹس حصہ لیں گے۔ کانفرنس میں ایفمی کے فاؤنڈنگ ٹرسٹی ڈاکٹر اے آر ناکیدار ، جمعتہ علما کے صدر مولانا سید ارشد مدنی ،سپریم کورٹ کے جج جسٹس آفتاب عالم، یونیسیف کے بھارت اوربھوٹان کی نمائندہ جینیفربٹلر بھی شریک ہونگی۔ اس کانفرنس میں ایفمی کی طرف سے دس نامور شخصیات کو انعامات سے نوازاجائے گا۔ جن میں آسام کے اختر علی، بنگلور کے محمد حسن علی، بہار کے احمد اشفاق کریم اور سینئر آئی اے ایس افسر عامر سبحانی کے نام شامل ہیں۔ پریس کانفرنس میں ڈاکٹر احمد عبدالحئی کے علاوہ اردو کے مشہور دانشور شفیع مشہدی اور اڈوانٹیج گروپ کے سربراہ خورشیداحمد،فیضان احمد،انور الہدیٰ سمیت کئی معزز افراد موجود تھے۔ اس موقع پر خورشید احمد نے بتایا کہ پروگرام کے دوران شام میں ثقافتی پروگراموں کا بھی انعقاد کیاجائےگا۔ 21 دسمبر کو اندرجیت گنگولی کی غزل کا پروگرام ہوگا۔ 22 دسمبر کو نظامی برادارن کی قوالی ہوگی اور 23 دسمبر کو داستان گوئی کا پروگرام ہے۔

About the author

Taasir Newspaper