ہندستان ہندوستان

وزیراعلیٰ نتیش کمار سے ملے خانقاہ معظم بہار شریف کے سجادہ نشیں

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 07-November-2018

پٹنہ(اسٹاف رپورٹر):راجگیر سیاحت کے لحاظ سے پوری دنیا میں ایک اہم مرکز ہے ۔ یہاں پوری دنیا کے سیاح پورے سال گھومنے آتے ہیں ۔کچھ لوگ تو یہاں گھومنے کالطف اٹھاتے ہیں ، یہاں صحت کے نقطہ نظر سے بھی فائدہ اٹھاتے ہیں ۔ یہاں تمام مذاہب اور فرقہ کے لوگوں کے لیے پوجا اور عبادت کی پاک سرزمین ہے ۔ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے ملاقات کے دوران خانقاہ معظم حضرت مخدوم جہاں خانقاہ بہار شریف ،نالندہ کے سجادہ نشیں و متولی سید شاہ محمد سیف الدین فردوسی نے کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے حضرت مخدوم جہاں ؒکی حیات و ان کی انسانی خدمات کے تعلق سے بھی وزیر اعلیٰ کے سامنے اپنے خیالات رکھتے ۔ انہوں نے کہا کہ آستانہ مخدوم جہاں مرجع الخلائق ہے ، مخدوم جہاں نے یہاں سے دنیاانسانیت کو امن ، و آشتی اور بھائی چارہ کا پیغام دیا ۔ آستانہ مخدوم جہاں پر پورے سال عقیدت مندوں کی آمد کا سلسلہ رہتا ہے ۔ شاہ سیف الدین فردوسی نے کہا کہ تمام مذاہب کے پوجا کے مقام کی حسن کاری اور فروغ تو پہلے ہی ہو چکا تھا ، مگر مخدوم کنڈ اور اسکے احاطہ کی حسن کاری اور فروغ کے لیے کسی مسیحا کی تلاش تھی اور یہ ’وکاس پرش‘نتیش کمار کی شکل میں مل گئے اور ان کی نظر عنانت سے مخدوم کنڈ اور اسکے احاطہ کی جو حسن کاری ہوئی ہے اس سے وہاں آنے والے زائرین اور عقیدت مند کو ایک سکون اوراطمینان محسوس ہو تا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ زائرین جو لاکھوں کی تعداد میں مخدوم جہاں کے عرس کے وقت آتے ہیں وہ راجگیر کنڈ ضرورجاتے ہیں ،ان لوگوں کو تعمیر کے بعد رہنے میں جو آرام ملتا ہے اور حسن کاری سے جو انہیں سکون حاصل ہو تاہے ۔ اس کی پوری ستائش کر تے ہیں اور وہ زائرین جو اجمیر کی عرس میں 400بسوں میں بہار ، بنگال ،جھارکھنڈ اور اڑیسہ سے دس دنوں میں آتے ہیں وہ مخدوم کنڈ کے مقام کے فروغ اور حسن کاری کو دیکھ کر اپنے دل سے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی نہ صرف ستائش کر تے ہیں ،بلکہ ان کے لیے اور ان کی حکومت کے لیے دعائیں بھی کر تے ہیں ۔

About the author

Taasir Newspaper