اسٹرانگ روم میں لیپ ٹاپ کے ساتھ تین نوجوان گرفتار

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 08-November-2018

جگدل پور،(یو این آئی) چھتیس گڑھ کے جگدل پور میں واقع پالیٹیکنک کالج کے ای وی ایم اسٹرانگ روم میں تین نوجوانوں کو لیپ ٹاپ کے ساتھ پکڑے جانے کے بعد انتظامیہ محتاط ہو گئی ہے۔ اسٹرانگ روم کی حفاظت میں تعینات کانگریس کارکنوں نے اس بارے میں اطلاع ملنے پر نوجوانوں کو پکڑا۔ جس کےبعد پولس نے نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ پولس ذرائع کے مطابق سورج منڈاوي، اوماپتی تیواری اور وجے نام کے یہ نوجوان اسٹرانگ روم میں بیگ اور لیپ ٹاپ لے کر اندر گئے تھے۔ تینوں نوجوانوں نے خود کو بھوپال کے باشندے اور جیو ٹاور میں کام کرنے والا بتایا۔ تینوں کا دعوی ہے کہ وہ انجینئر کے کہنے پر اندر داخل ہوئے تھے۔ دریں اثناء، جگدل پور کے کانگریس امیدوار ریکھ چندجین اور راجیو شرما اپنے کارکنوں کے ساتھ موقع پر پہنچے۔ ان کا الزام ہے کہ اسٹرانگ روم کی حفاظت میں چار پانچ لوگ تعینات تھے۔ بغیر آئي کارڈ کے کسی کو داخل نہیں کیا جا سکتا۔ سی ایس پی همشیکھر سدار نے کہا کہ اس معاملے میں ابھی کچھ بھی واضح نہیں کیا جا سکتا۔ تحقیقات کے بعد معاملہ صاف ہوگا ۔ اس اسٹرانگ روم میں بستر، جگدل پور اور چترکوٹ اسمبلی حلقوں کی ای وی ایم مشینیں رکھی ہوئی ہیں۔