اشون، ایشانت، بمراہ کے آگے آسٹریلیا پست

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 08-November-2018

ایڈیلیڈ، (یو این آئی ) آف اسپنر روی چندرن اشون کی قیادت میں گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت ہندستان نے پہلے کرکٹ ٹسٹ کے دوسرے دن یہاں ایڈیلیڈ اوول میں جمعہ کو آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں 191 رنز پر اس کے سات وکٹ اکھاڑ کر میزبان ٹیم کو پست کر دیا۔ہندستانی کرکٹ ٹیم نے پہلی اننگز میں 88 اوور میں 250 رن بنائے۔ صبح ٹیم کا باقی واحد وکٹ محمد سمیع کے طور پر گرا جو دن کی پہلی ہی گیند پر کل کے اپنے ا سکور (06 رنز) پر جوش ہیزل وڈ کا شکار بنے۔ اس کے بعد میدان پر اتری آسٹریلیائی ٹیم کے بلے بازوں کو بھی مشکل ایڈیلیڈ اوول کی پچ پر خاص مدد نہیں ملی اور دن کے اختتام تک 88 اوور میں 191 رن جوڑ کر اس نے اپنے سات وکٹ گنوا دیئے۔ آسٹریلیا اب ہندستان کے اسکور سے 59 رن پیچھے ہے اور اس کے تین وکٹ باقی ہیں۔ بلے باز ٹریوس ہیڈ 61 رن اور مشیل اسٹارک 08 رنز بنا کر کریز پر ہیں۔ پہلے دن آسٹریلوی بولروں کی طرح دوسرے دن ہندستانی بولر میدان پر غالب نظر آئے جس میں سب سے کامیاب تجربہ کار اشون رہے جنہوں نے 33 اوور میں 1.51 کے بہترین اكونومي ریٹ سے 50 رن دے کر تین وکٹ نکالے۔ فاسٹ بولر ایشانت شرما کو 15 اوور میں 31 رن اور جسپريت بمراه کو 34 رن پر دو دو وکٹ ہاتھ لگے۔ہندستانی بلے بازوں خاص طور اوپننگ آرڈر کی طرح آسٹریلوی ٹیم کے بلے بازوں کی بھی حالت نظر آئی جنہیں میچ میں آغاز سے کافی جدوجہد کرتے دیکھا گیا اور ٹیم کے اسٹار اوپنر آرون فنچ تین گیندوں بعد ہی کھاتہ کھولے بغیر ایشانت کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ مارکس ہیرس اور عثمان خواجہ نے پھر دوسرے وکٹ کے لئے 45 رن جوڑے۔ لیکن اس شراکت کو اشون نے توڑتے ہوئے ہیرس کو مرلی وجے کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ہیرس نے 57 گیندوں میں تین چوکے لگا کر 26 رن بنائے۔۔