امریکہ میں لڑنے کا خواب پورا کریں گے وجیندر

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 07-November-2018

نئی دہلی، (یو این آئی ) ہندوستان کے پروفیشنل مکے باز وجیندر سنگھ باکسنگ کے مرکز کہے جانے والے امریکہ میں لڑنے کا اپنا خواب پورا کریں گے۔اپنے پروفیشنل کیریئر میں تمام 10 مقابلے جیت چکے اولمپکس میڈلسٹ مکے باز وجیندر نے جمعرات کو یہاں کہاکہ میرا یہ مقابلہ 2019 میں فروری کے آخر یا مارچ کے اوائل میں ہو سکتا ہے۔ مقابلے کی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی ہے لیکن اتنا طے ہے کہ یہ فروری مارچ میں ہوں گے۔ 33 سالہ وجیندر نے حال ہی میں جانے مانے باکسنگ پروموٹر باب ایرم کے ساتھ کئی سال کا معاہدہ کیا تھا۔ سپر مڈل ویٹ مکے باز وجیندر نے اپنے 10 مقابلوں میں سے ایک کو چھوڑ کر باقی نو ہندستان میں لڑے ہیں۔ ان کا ایک مقابلہ انگلینڈ میں هوا تھا۔ وجیندر فی الحال گڑگاؤں میں ایک نجی مرکز میں ٹریننگ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جیسے ہی میرے مقابلے کی تاریخیں طے ہوتی ہیں میں اپنا بیس امریکہ شفٹ کر لوں گا۔ مقابلے سے پہلے تیاری کے لیے ہمیں 8 سے 10 ہفتے کا وقت چاہیے ہوتا ہے اور شاید میں جنوری کے شروع میں امریکہ جا سکتا ہوں۔ باب ایرم اور ٹاپ رینک کے ساتھ وابستگی کو لے کر انتہائی پرجوش وجیندر نے کہاکہ میں ہمیشہ ایسے کسی شخص کے ساتھ کام کرنا چاہتا ہوں جو پروفیشنل باکسنگ میں بہترین ہو۔ مجھے پتہ ہے کہ موجودہ وقت میں باکسنگ کے سپر اسٹارو آسکر ڈی لا ، فلائیڈ مے ویدر اور میگوئل کوتو کی کامیابی کے پیچھے ٹاپ رینک کا بڑا ہاتھ ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ میرے پروموٹر نے باب ایرم کے ساتھ میرا معاہدہ کرایا ہے۔ 33 سالہ وجیندر 2015 میں پروفیشنل بنے تھے اور انہوں نے بالی وڈ کی ایک فلم اور رقص رئیلٹي شو میں بھی ہاتھ آزمايے تھے۔ انہوں نے اپنا آخری پروفیشنل مقابلہ 23 دسمبر 2017 کو جے پور کے سوائی مان سنگھ انڈور اسٹیڈیم میں لڑا تھا جہاں انہوں نے گھانا کے ارنسٹ اموج کو 10 راؤنڈ میں شکست دی تھی۔ڈبليوبي او ایشیا پیسیفک اور سابق سپرمڈل ویٹ ٹائٹل جیت چکے وجیندر کا اگلا حریف ابھی طے نہیں ہوا ہے۔