انتخابی نتائج سے پہلے تلنگانہ کے وزیراعلی سے اویسی کی ملاقات

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 11-November-2018

حیدرآباد (یو این آئی) مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اسدالدین اویسی نے کارگزار وزیراعلیٰ و ٹی آر ایس کے صدر کے چندر شیکھر راؤ سے آج دوپہر ان کی قیام گاہ پرگتی بھون میں ملاقات کی۔ صدر مجلس، وزیراعلیٰ کی سرکاری قیام گاہ پر موٹر سائیکل چلاتے ہوئے پہنچے۔ وہ اس ملاقات کے لئے تقریباً دیڑھ بجے پرگتی بھون پہنچے۔ قبل ازیں آج دن میں انھوں نے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کے منصوبہ کی تفصیلات ٹوئیٹ کرتے ہوئے بتائی تھیں۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے صدر مجلس نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ٹی آر ایس بغیر کسی پارٹی کی حمایت کے اپنے بل بوتے پر تلنگانہ میں حکومت بنائے گی۔انھوں نے کہا کہ اس میں کسی بات کا شک نہیں ہے۔ مجلس ہمیشہ ٹی آر ایس کے ساتھ رہے گی، حالانکہ تشکیل حکومت کے لئے اس کو مجلس کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ عوام کا آشیرواد چندر شیکھر راؤ کے ساتھ ہے اور نیک تمنائیں بھی ان کے ساتھ رہیں گی۔ انھوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ٹی آر ایسکے ارکان اسمبلی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔ ریاست کی ترقی اور ملک کی تعمیر کے لئے ٹی آر ایس کے ساتھ مجلس ٹھہری رہے گی۔انھوں نے کہا کہ تین گھنٹے کی بات چیت میں مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انھوں نے پیش گوئی کی کہ بی جے پی کے موجودہ 5 ارکان اسمبلی کی تعداد گھٹ جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ حیدرآباد ان کا شہر ہے اور یہ پُرامن ہے۔ انھوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ موجودہ موسم کی مناسبت سے گاڑی اور موٹر سائیکل ایک ساتھ دوڑیں گے۔ اسدالدین اویسی موٹر سائیکل پر پہنچے تھے۔ کار ٹی آر ایس کا انتخابی نشان ہے۔انھوں نے واضح کیا کہ کل دوبارہ وہ چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ مجلس 8 نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔ وہ حکومت میں شامل نہیں ہوگی۔ اس کا مقصد عوام کی خدمت اور تلنگانہ میں امن کی برقراری ہے۔