ایسو سی ایشن آف مسلم پروفیشنلس بہ اشتراک ورلڈ میمن آرگنائزیشن منعقدہ روزگار میلہ میں ۲۸۰۰ امیدواروں کی شرکت اور ۴۱۰ براہِ راست منتخب

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 11-November-2018

ممبئی (پریس ریلیز)ملک کی معروف تنظیم اے ایم پی کے زیر انتظام ، ورلڈ میمن آرگنائزیشن اور مدثر پٹیل آرگنائزیشن کے اشتراک سے ممبئی میں منعقدہ روزگار میلہ کامیابی سے اختتام پذیر ہوا۔اس روزگار میلے میں ’’ڈسٹرکٹ اسکل ڈیویلپمنٹ ، ایمپلائمنٹ و انٹر پرینرشپ ‘‘ممبئی جو حکومت مہاراشٹر کا ایک ذیلی ادارہ ہے اور ’’ٹیم لیز‘‘ایک ریکروٹنگ کنسلٹینسی ادارہ ہے وہ معاون شریک تھے۔ یہ روزگار میلہ الما لطیفی ہال صابو صدیق کالج آف انجینئرنگ ممبئی میں منعقد کیا گیا تھاتاکہ ضرورت مند امیدواروں کو ان کی اہلیت اور تعلیمی لیاقت کے مطابق کارپوریٹ کمپنیوں میں ملازمت کے مواقع فراہم کیے جائیں اور ان کے مستقبل کو سنوارنے میں ان کی مدد کی جائے۔ اس روزگار میلے میں ۸۰(اسّی) سے بھی زائد کارپوریٹس نے شرکت کی جبکہ ۲۸۰۰ (اٹھائیس سو ) سے بھی زائد امیدواروں نے اپنا رجسٹریشن کرایا تھا ، اختتام تک ۴۱۰(چار سو دس) امیدواروں کو جگہ پر ہی پروانہ ملازمت دیا گیا جبکہ ۸۵۰ (آٹھ سو پچاس)امیدواروں کو دوسرے رائونڈ کے لیے منتخب کیا گیا۔ محترم شیخ ابو بکر احمد (جنرل سیکریٹری، آل انڈیامسلم اسکالرس ایسوسی ایشن ا ور چانسلر، جامعہ مرکزالثقافیہ و سنیہ ، کوزی کوڈ ، کیرالا) نے اس روزگار میلے کا افتتاح کرتے ہوئے فرمایا کہ ’’مجھے یہ دیکھ کر انتہائی خوشی ہوئی کہ ضرورت مند طلبہ کی مدد کے لیے اس روزگار میلے کا انعقاد کیا گیا اور یہی ہمارے تعلیمی اداروں کا حتمی مقصد ہے کہ ہم تعلیم کے بعد انھیں ایک بہتر روزگار بھی فراہم کرسکیں جس کی تکمیل آج یہاں ہورہی ہے۔‘‘اس موقع پر انھوں نے اس روزگار میلے کے کامیاب انعقاد پر اے ایم پی ، ورلڈ میمن آرگنائزیشن اور دیگر معاونین کی پذیرائی بھی کی۔ محترم ہارون کریم (چئیرمن، بورڈ آف ٹرسٹیز،ورلڈ میمن آرگنائزیشن، یوکے ) نے طلبہ اور شہر کے نوجوانوں کے لیے اس طرح کے انتظامات پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں ہماری ہندوستانی ٹیم کے ممبران کا اس کاوش پر شکریہ ادا کرتا ہوں اور یہ امید کرتا ہوں کہ وہ اس طرح کے کارِ خیر مستقبل میں بھی کرتے رہیں گے تاکہ ہمارے نوجوانوں کا مستقبل بہتر ہوسکے۔ ‘‘ ڈاکٹر ظہیر قاضی (صدر انجمن اسلام ، ممبئی) نے اے ایم پی اور دیگر شریک تنظیموں کو مبارکبا د پیش کی اور کہا کہ ’’ہم نے کئی اداروں کا جال بچھا دیا ہے جو ملک و قوم کی تعلیمی آبیاری میںاپنا کردار نبھا رہے ہیںاور ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ عامر ادریسی (صدر اے ایم پی ) جو ہمارے تعلیمی ادارے سے فارغ ایک تابناک ستارہ ہے وہ روزگار کے حصول کے لیے اپنے رفقاء اور ہم خیال تنظیموں کے اشترا ک سے اس طرح کے پروگرام بالخصوص روزگار میلے اور تعلیمی رہنما ئی کے پروگرام منعقد کررہے ہیںجس سے ملک و قوم کے نوجوانوں کو ایک صحیح راہ اور بہتر روزگار حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے۔‘‘محترم احسان گاڈا والا (صدر ورلڈ میمن آرگنائزیشن، ہندوستان) نے اس موقع پر کہا کہ ’’ ہم اے ایم پی کے اشتراک سے اس طرح کے اور بھی روزگار میلوں کا انعقاد کریں گے جس سے بے روزگار نوجوانوں کی مدد ہوسکے ۔ ‘‘محترم عامر ادریسی (صدر اے ایم پی) جو اس موقع پر بہ نفس نفیس موجود تھے ، نے کہا کہ ’’گذشتہ سات برسوں نے اے ایم پی ہندوستانی نوجوانوں کے لیے روزگار میلوں کا انعقاد مسلسل کررہی ہے۔ ہم اپنی ہم خیال تنظیموں اور حکومتی ایجنسیوں کے اشتراک سے اس طرح کے روزگار میلوں کا انعقاد کرتے ہیں اور اس مرتبہ ہم نے ورلڈ میمن آرگنائزیشن ، مدثر پٹیل فائونڈیشن، ڈسٹرکٹ اسکل ڈیویلپمنٹ ، ایمپلائمنٹ اور انٹر پرینر شپ کے اشتراک سے اس روزگار میلے کا انعقاد کیا ہے تاکہ ہمارے نوجوانوں کو بہتر روزگار حاصل ہوسکے اور ملک کی ترقی میں اپنا رول ادا کرسکیں۔ ہم کارپور یٹس، حکومتی ایجنسیوں کے اور بے روزگار نوجوانوں کے درمیان ایک پُل کا کام کرتے ہیں کیونکہ ہمارا ماننا ہے کہ معاشی استحکام، روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقعوںکی فراہمی سے ہی آسکتا ہے اور ہم اسی کے لیے کوشاں ہیں۔ ‘‘محترم مدثر پٹیل (مدثر پٹیل فائونڈیشن)نے اس روزگار میلے کے انعقاد میں شامل افراد کی انتھک محنتوں ، کارپوریٹس سے رابطے، بے روزگار نوجوانوں تک پہنچنے اور اسے کامیابی سے ہم کنار کرنے کو اجتماعی جدو جہد اور ٹیم ورک کا نتیجہ قرار دیا مزید انھوں نے اے ایم پی اور دیگر تنظیموں کے قابل قدر کوششوں اور وقت دینے کا شکریہ ادا کیا کہ انھوں نے ملک کے نوجوانوں کے لیے یہ اہم قدم اٹھایا۔محترم رزاق شیخ (ہیڈ ،اے ایم پی پروجیکٹس)نے اس موقع پر بتایا کہ اے ایم پی نے گذشتہ ۷ برسوں میں ابتک ۲۵ روزگار میلوں کا انعقاد کیا ہے جبکہ سینکٹروں سے بھی زائد جاب ڈرائیوز منعقد اور اے ایم پی کے ۸۰ سے بھی زائد حلقوں میں ۱۵۰۰۰ (پندرہ ہزار ) سے بھی زائد امیدواروں کو پورے ملک میں روزگار کی حصولیابی میں مدد کی ہے۔ اس موقع پر ورلڈ میمن آرگنائزیشن کی ہندوستانی ٹیم نے شہر اور تعلیمی حلقوں کی چند معزز شخصیات کو ایوارڈ سے بھی نوازا، ان میں ڈاکٹر ظہیر قاضی، ڈاکٹر محمد علی پاٹنکر، محترم ہارون کریم، محترم اشرف ستار، محترم آصف بھاملا، پروفیسر ایچ این کلانیا، محترمہ زبیدہ کھنڈوانی(سہیل کھنڈوانی کی والدہ)، محترمہ روبینہ ایس جمخانہ والا، محترم رضیہ ایچ چشمہ والا، محترم اقبال میمن، محترم آفتاب بادشاہ ، محترم آصف فرنیچر والا، محترم محمد صدیق صدیقی، محترم جاوید عبدالمجید پاریکھ شامل ہیں۔ اے ایم پی ، جنرل سیکریٹری محترم صہیب سیلیا ، فنانس سیکریٹری محترم جاوید سید ، ہیڈ اے ایم پی ایمپلائمنٹ سیل محترم افتخار شیخ وغیرہ کی نگرانی اور رہنمائی میں ممبران ا ور رضاکاران کی محنت اورجدو جہد کا ہی نتیجہ تھا کہ ورلڈ میمن آرگنائزیشن ، حکومتی ایجنسی اور محکمہ پولس کے ذمہ داران کے بھر پور تعاون سے یہ روزگار میلہ اپنے کامیاب ہوا۔