بی جے پی کی منفی سیاست کی شکست باعث مسرت :سونیا

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 13-November-2018

نئی دہلی،(یواین آئی)ترقی پسند اتحاد(یوپی اے)کی صدر سونیا گاندھی نے تین ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی جیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ چھتیس گڑھ ،مدھیہ پردیش اور راجستھان اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی منفی سیاست کی ہار ہوئی ہے۔محترمہ گاندھی نے بدھ کو پارلیمنٹ کے احاطے میں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب پر کہا’’میں یقینی طورپر بہت خوش ہوں کہ کانگریس نے ان اسمبلی انتخابات میں جیت حاصل کرکے بی جےپی کی منفی سیاست کو شکست دی ہے۔‘‘کانگریس کی سابق صدر نے کہا کہ پارٹی کو اب لوگوں کے مسائل کے حل نکال کر ان کی خدمت کرنی ہے اور ملک کی ترقی کےلئے موثر انداز میں کام کرنا ہے۔تینوں ریاستوں میں اپنی پارٹی کی جیت کو کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے منگل کو کارکنان کی جیت بتاتے ہوئے وزیراعظم نریندرمودی کے ’کانگریس سے پاک ہندوستان‘کے نعرے کا زوردار جواب دیا اور کہا کہ کانگریس عوام کے حق کےلئے کام کرے گی اور کسی کےلئے بھی اس طرح کے الفاظ کا استعمال نہیں کیا جائےگا۔مسٹر گاندھی گزشتہ برس 11دسمبر کو ہی کانگریس کے صدر منتخب ہوئے تھے۔پارٹی کے صدر منتخب ہونے کے بعد قومی دارالحکومت میں منعقد کانگریس کے اجلاس میں انہیں باقائدہ طورپر پارٹی کی باگ ڈور سونپی گئی تھی۔گجرات اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو بھلے ہی جیت نہیں ملی،لیکن بی جےپی کو کانگریس نے 100سیٹوں سے نیچے روک دیا۔مسٹر گاندھی کی سیاست کےلئے یہ مثبت ثابت ہوا اور اس کے بعد ان کی قیادت میں کانگریس میں جوش کا ماحول رہا۔