تلنگانہ کے وزیراعلی قومی سطح پر اہم رول اداکریں گے:اویسی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 12-November-2018

نئی دہلی (یواین آئی)بیرسٹر اسد الدین اویسی رکن پارلیمنٹ حیدرآباد وصدر مجلس نے کہا ہے کہ عوام نے کانگریس اور بی جے پی کو ان کی مبینہ فرقہ وارانہ سیاست کے سبب مسترد کردیا ہے۔انہوں نے کانگریس کے صدر پرزور دیا کہ وہ خود کا محاسبہ کریں ۔انہوں نے کہاکہ حیدرآباد کے عوام نے راہل گاندھی کے جھوٹ کو مستردکردیا جب انہوں نے کہا تھا کہ مجلس، بی جے پی کی سی ٹیم ہے۔اسد اویسی نے کہا کہ حیدرآباداور تلنگانہ کے عوام نے راہل گاندھی کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کردیا او رمجھے امید ہے کہ وہ خود کامحاسبہ کریں گے اور یہ دیکھیں گے کہ ان کی پارٹی نے کیا نہیں کیا ہے جو ہم نے تلنگانہ میں کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ اہم کانگریس اور بی جے پی کے لیڈروں نے تلنگانہ میں انتخابات شکست اٹھائی ہے ۔راہل گاندھی آپ کو اپنی آنکھیں کھولنی چاہئے اور یہ دیکھنا چاہئے کہ کس طرح تلنگانہ کے عوام نے نہ صرف گنگاجمنی تہذیب میں یقین ظاہر کیا ہے بلکہ بی جے پی کے ساتھ ساتھ آپ کی پارٹی کے امیدواروں کو شکست دیتے ہوئے اس پر عمل کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس پس منظر میں ٹی آرایس سربراہ کے چندرشیکھرراو کے رول میں کئی گنا اضافہ ہوتا ہے ۔ملک کو مسٹر راو کی ضرورت ہے جو قومی سطح پر کافی اہم رول اداکریں گے۔مجھے یقین ہے کہ ان کا سیاسی تجربہ غیر بی جے پی اور غیرکانگریس جماعتوں کو متحد کرنے میں مدد دے گا اور وہ غیربی جے پی و غیر کانگریس جماعتوں کو اقتدار میں لانے میں اہم رول اداکریں گے۔