دھان کی خریداری باضابطہ ہوتاکہ کسان مستفید ہوسکیں:نتیش

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 07-November-2018

پٹنہ (اسٹاف رپورٹر):وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی صدارت میںجمعرات کو 1انے مارگ میں دھان کی خریداری سے متعلق میٹنگ ہوئی ۔ میٹنگ میں کوآپریٹو کے وزیر رانا رندھیر سنگھ ، چیف سیکریٹری دیپک کمار ، ترقیاتی کمشنر ارن کمار سنگھ ، اڈیشنل چیف سکریٹری کوآپریٹو اتل پرساد ، پرنسپل سکریٹری مالیات ایس سدھارتھ ، وزیر اعلیٰ کے سیکریٹری منیش کمار ورما ، سیکریٹری فوڈ و صارفین تحفظ پنکج کمار ، رجسٹرار سہیوگ کمیٹیاں محترمہ رچنا پاٹل موجودتھے ۔جائزہ کے دوران وزیر اعلیٰ نے بتا یا کہ دھان کی خرید کا اس سال کا نشانہ مرکزی حکومت کے ذریعہ کم کر کے مطلع کیا گیا ہے ۔ اس سال کا نشانہ 12لاکھ اور ایم ٹی متعین کیا گیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے اس بارے میں مرکزی صارفین معاملہ ، فوڈ و عوامی تقسیم کے وزیر رام بلاس پاسوان سے فون پر بات کی اور دھان خرید کے اس سال کے نشانہ کو دوبارہ گزشتہ سال کی طرح 30لاکھ ایم ٹی متعین کر نے کی گزارش کی ۔ ساتھ ہی وزیر اعلیٰ نے مرکزی صارفین معاملوں ، فوڈ و عوامی تقسیم کے وزیر جناب رام بلاس پاسوان سے بقایہ رقم کی بھی ادائیگی کر نے کی گزارش کی تاکہ دھان خریداری کا نظام باضابطہ طور سے چل سکے ۔جائزہ کے دوران یہ پایا گیا کہ دھان کی فصل میں ابھی نمی کی مقدار زیادہ ہے ۔ حصول کے لیے نمی کے پیمانے کو کم کر نے کی ضرورت محسوس کی گئی ۔ وزیر اعلیٰ نے اس بارے میں رام بلاس پاسوان سے گزارش کی کہ خریداری کے لیے نمی کے پیمانے کو کم کیا جائے اور اس سے متعلق فیصلہ سے یقینی طور پر مطلع کیا جائے ،تاکہ خریداری کی رفتار میں تیزی لائی جاسکے ۔جائزہ کے دوران خریداری کو لے کر تمام افسران کو وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ خریداری کا کام باضابطہ طور سے چلا یا جائے ، جس سے زیادہ سے زیادہ کسانوں کو فائدہ مل سکے ۔