راجستھان ،چھتیس گڑھ میں کانگریس کی واپسی کے آثار

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 08-November-2018

نئی دہلی ،(تاثیر بیورو)پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے اختتام کے بعد مختلف ٹی وی چینلوں اور ایجنسیوں کےایگزٹ پول کے مطابق راجستھان میں کانگریس کو واضح اکثریت ملتی نظر آرہی ہے چھتیس گڑھ میں بھی اس کی واپسی ہوسکتی ہے۔ مگر مدھیہ پردیش میں اس کا بی جے پی سے کانٹے کا مقابلہ ہے۔یہاں اجیت جوگی کنگ میکر کے رول میں آسکتے ہیں۔ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کو واضح اکثریت ملنے کا امکان ہے۔ جبکہ میزورم میں ایم این ایف کو کانگریس پر سبقت ملتی دکھائی دے رہی ہے۔ٹائمس ناؤ کے سروے میں 199رکنی راجستھان اسمبلی میں کانگریس کو 105سیٹیں ملنے کی امید ظاہرکی گئی ہے ،جبکہ بی جےپی کو 85سیٹیں ملنے کے آثار ہیں ۔نیوز 24کے مطابق راجستھان میں کانگریس کو 110سے 120سیٹیں ملنے کا امکان ہے جبکہ بی جے پی کو 70سے 80کے بیچ اور دیگر پارٹیوں کو 5سے 15کے بیچ سیٹیں ملنے کی امیدہے ۔زی نیوز نے بھی راجستھان میں کانگریس کی جیت کی پیش گوئی کی ہے ۔انڈیا ٹوڈے کے ایگزٹ پول میں 230رکنی مدھیہ پردیش اسمبلی میں اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس کی بی جےپی پر معمولی سبقت دکھائی گئی ہے ۔کانگریس کو 104 سے 122سیٹیں ملنے کی امیدظاہر کی گئی ہے جبکہ بی جے پی کو102سے 120سیٹیں ملنے کا امکان ہے ۔دوسری طرف نیوز 24کے سروے میں کانگریس کو 110سے 120 سیٹوں پر جبکہ بی جے پی کو 98سے 108کے بیچ سیٹوں پر آگے دکھایاگیاہے ۔ٹائمس ناؤنے بی جےپی کو 126سیٹ دلاکر وزیراعلی شیوراج سنگھ چوہان کی چوتھی بار اقتدارمیں واپسی کے اشارے دیے ہیں جبکہ کانگریس کو 89سیٹیں دی ہیں ۔بی ایس پی کو چھ اور دیگر کو نو سیٹیں دی ہیں ۔چھتیس گڑھ میں ٹائمس ناؤنے بی جے پی کو 46اور انڈیا ٹی وی نے 42سے 50سیٹیں دی ہیں جبکہ کانگریس کو بالترتیب 35اور 45سے 51سیٹیں ملنے کا امکان ظاہر کیاہے ،لیکن نیوز 24اور اے بی پی نے چھتیس گڑھ میں کانگریس کی واضح اکثریت دکھاتے ہوئے اسے 52سے 51سیٹیں دی ہیں جبکہ بی جےپی کو 36سے 42سیٹیں ملنے کی امیدہے ۔