سوشل میڈیا سائٹ ٹمبلر نے تمام فحش مواد پر پابندی عائد کر دی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 05-November-2018

نیویارک،؍ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹمبلر نے اپنی ویب سائٹ پر تمام پورنوگرافک مواد پر پابندی کا اعلان کیا ہے، اس پابندی کا اطلاق 17 دسمبر سے ہوگا۔اس نئی پالیسی کا اعلان ایپل کے ایپ سٹور سے ٹمبلر کی ایپلی کیشن ہٹائے جانے کے چند ہفتوں کے بعد سامنے آیا ہے۔ایپل نے اپنے ایپلی کیشن سٹور سے ٹمبلر کو اس وقت ہٹا دیا تھا جب بچوں کے ساتھ جنسی بدسلوکی کی کچھ تصاویر ٹمبلر پر اس کے فلٹرز کو دھوکہ دیتے ہوئے شائع ہو گئی تھیں۔ایک بیان میں ٹمبلر نے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ضیف ڈی اونوریو نے زور دیا ہے کہ ٹمبلر کی ایسے مواد کے حوالے سے ’سخت پالیسی‘ ہے تاہم وہ سائٹ کو مزید محفوظ بنانا چاہتے ہیں۔انھوں نے لکھا کہ ’ہمارے اقدامات اپنی کمیونٹی کے لیے پیار اور امید پر مبنی ہے۔‘نئے ضابطہ اخلاق کے مطابق صارفین ’اصل انسانوں کے جنسی اعضا‘ پوسٹ نہیں کر سکتے، اس کے لیے علاوہ کوئی بھی ایسا مواد کو جو ’اس حد تک حقیقت پسندانہ ہو‘ کہ وہ اصل محسوس ہو، اس کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔تاہم ویب سائٹ کے مطابق ایسی برہنہ پوسٹس جو ’فنکارانہ، تعلیمی، خبر کی اہمیت اجاگر کرنے والی، یا سیاسی‘ ہوں وہ قابل قبول ہیں اور ضروری نہیں کہ انھیں بھی ہٹا دیا جائے گا۔وہ صارفین جنھوں نے بالغانہ مواد پوسٹ کیا ہوا ہے انھیں نوٹس کے ذریعے آگاہ کہ جائے کہ وہ پابندی کے خلاف اپیل کیسے کر سکتے ہیں، یا اس ویب سائٹ کے باہر اپنا مواد کیسے محفوظ کر سکتے ہیں۔خیال رہے کہ چند ہفتے قبل ٹمبلر پر بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کی تصاویر شائع ہونے کے بعد ایپل نے اپنے ایپ سٹور سے ٹمبلر کو ہٹا دیا تھا۔ٹمبلر کا کہنا تھا کہ تمام غیرقانونی تصاویر کے بارے میں جیسے ہی مطلع ہوئے انھیں ہٹا دیا گیا تھا۔ٹمبلر کا کہنا تھا کہ ٹمبلر پر اپ لوڈ کی جانے والی ہر تصویر کو سکین کیا جاتا ہے کہ آیا ان میں سے کوئی بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی پر مبنی کوئی مواد تو نہیں۔ٹمبلر عام طور پر جنسی مواد کو اپنی ویب سائٹ میں شیئر کرنے کی اجازت دیتا ہے۔اس ویب سائٹ پر اسی قسم کے مواد پر انڈونیشیا میں ایک دن کی پابندی عائد کی گئی تھی جب کہ جنوبی کوریا بھی ماضی میں اسے جنسی مواد کی بہتر نگرانی کرنے کے حوالے سے منتبہ کر چکا ہے۔