سیاسی پارٹیاں عوامی نمائندوں کیلئے ضابطہ اخلاق مرتب کریں: نائیڈو

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 21-November-2018

نئی دہلی،(محمد گوہر)نائب صدر جمہوریہ ہند ایم وینکیانائیڈو نے عوامی نمائندوں کوقانونی سازی کے ایوانوں میں عوام کی نمائندگی کرنے پر زور دیتے ہوئے آج کہا کہ سیاسی پارٹیوں کو عوامی نمائندوں کیلئے ایک ضابطہ اخلاق مرتب کرنا چاہئے ۔ وینکیانائیڈو آئی آئی ٹی مدراس کی اسٹوڈنٹ لیجسلیٹو کونسل کے اراکین سے گفتگو کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں کو غریب اور پسماندہ لوگوں کی دشواریوں اور مصیبتوں کا احساس کرنا چاہئے ۔ مسٹر نائیڈو نے مزید کہا کہ ہندوستان کو ایسے لیڈروں کی ضرورت ہے جو ان نوجوانوں کی آرزؤں اور امنگوں کا ادراک رکھتے ہوں ، جو اپنی بات کا بہتر طریقے سے اظہار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ مجالس قانون ساز کے بیش قیمت وقت کا زیاں کبھی بہتر نہیں ہوتا بلکہ اس سے اخباروں کی شاہ سرخیاں ہی سجائی جاسکتی ہیں۔موصوف نے اپنی تقریر میں اس بات کی ضرورت پر بھی زور دیا کہ ہندوستان میں جمہوریت کو مزید مستحکم بنانے کیلئے اور کیا کیا، کیا جانا چاہئے ، جیسے موضوعات پر تعمیری مباحثوں کا اہتمام کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے طلباء سے زور دیکر کہا کہ ہندوستان کو مضبوط ملک بنانے کے کام میں سرگرمی سے شرکت کرکے ملک کے استحکام اور مضبوطی کی تحریک کے ہراول دستے کا کردار ادا کرنا چاہئے۔ مسٹر نائیڈو نے اپنی تقریر میں یہ بھی کہا کہ یونیورسٹیوں اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کو سماج، سیاست، معیشت، ثقافت، سائنس اور صنعت کے درمیان رابطہ کاری کے قیام میں بامعنی کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تعلیمی نظا م کو اب امتحان اور ڈگریوں سے آگے بڑھ کے علمیت تخلیق کرنے کاکام کرنا چاہئے۔